ٹنگمرگ //مغل پورہ چندرسیر سڑک کی ناگفتہ بہ حالت پر مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی ٹنگمرگ اور ضلع وتحصیل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاجی لوگوں نے کہا کہ محکمہ ٓار اینڈ بی پر سڑک کو نظر اندازکرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کھئی پورہ تا مغل پورہ اور مغل پورہ سے چندر سیر تک رابط سڑک جگہ جگہ کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آر اینڈ بی محکمہ ٹنگمرگ سے کئی بار سڑک کی فوری مرمت اور میکڈم بچھانے کا مطالبہ کیا گیاتاہم متعلقہ محکمہ نے عوامی مطالبے کو کسی خاطر میں نہیں لایا جس کی وجہ سے لوگوں کو اس سڑک پر پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیا ہے ۔کھئی پورہ کے ایک سماجی کارکن مشتاق احمد خان نے بتایا کہ اگرچہ محکمہ آر اینڈ بی نے حیدر بیگ سے چندر سیر تک سڑک پر کام شروع کیا تاہم چندر سیر سے مغل پورہ اورکھئی پورہ تک محکمہ آر ینڈ بی ڈویژن ٹنگمرگ نے کام شروع نہیں کیا جس کی وجہ سے لوگوں میں غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ ادھر احتجاجی لوگوں نے سڑک کی فوری مرمت اور میکڈم بچھانے کیلئے ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔