عاصف بٹ
کشتواڑ//جمعہ کی بعد دوپہر ضلع کشتواڑ کے علاقے مغل میدان کے گاؤں مین کُچن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نشاندہی والاایک غبارہ برآمد ہونے کے بعد علاقے میں احتیاطی سکیورٹی اقدامات سخت کر دئے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے معمول کی گشت کے دوران اس مشتبہ غبارے کو دیکھا جس کے فوراً بعد پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اسے گاؤں کے قریب ایک کھلے میدان سے اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے برآمد شدہ غبارے کو مزید جانچ اور تصدیق کے لیے قبضے میں لے لیا ہے۔غبارے کے ساتھ کوئی مشتبہ مواد یا الیکٹرانک ڈیوائس منسلک نہیں تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے غبارے ہوا کے رخ کے باعث طویل فاصلے طے کر کے دور دراز علاقوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں اس سے قبل بھی پی آئی اے کے نشان والے ایسے غبارے برآمد ہو چکے ہیں جنہیں پولیس نے تحقیقات کے لیے ضبط کیا تھا۔ اس سے قبل سنگھ پورہ میں بھی اسی طرح کا گبارہ برآمد ہوا تھا۔ سکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق راجوری، کٹھوعہ اور دیگر سرحدی اضلاع میں بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آ چکے ہیں جہاں ہر بار احتیاطی طور پر مکمل جانچ کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو خارج کیا جا سکے۔ اکثر معاملات میں غباروں کے ساتھ کوئی خطرناک یا دھماکہ خیز مواد نہیں پایا گیا تاہم تحقیقات لازمی طور پر کی جاتی ہے۔ دریں اثنا ضلع کشتواڑ میں حالیہ انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ پر رکھی گئی ہے۔ فورسز نے حساس علاقوں میں نگرانی سرچ آپریشنز اور گشت میں مزید اضافہ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ اگرچہ ابتدائی طور پر یہ غبارہ کسی فوری خطرے کا باعث نہیں لگتا، تاہم موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ہر ایسے واقعے کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔