مینڈھر //مغل شاہراہ پر چلنے والی چھوٹی مسافر گاڑیوں کا کرایہ مسافروں کےلئے درد سر بن چکا ہے تاہم مقامی انتظامیہ اور ٹریفک حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مسافروں نے بتایا کہ مینڈھر اور پونچھ سے سرینگر کا کرایہ 6سو کے بجائے 1000روپے وصول کیا جارہا ہے جبکہ ڈرائیوروں کی جانب سے مسافروں کےساتھ بد تمیزیاں بھی معمول بن چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایک خصوصی ڈی ٹی آئی کی قیادت میں مغل شاہراہ پر ٹریفک پولیس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاہم مذکورہ ٹریفک اہلکار گاڑیوں سے انٹریاں لینے کے بغیر کوئی بھی دوسرا کام نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک پولیس کےساتھ ساتھ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی جانب سے بھی ڈرائیوروں پر شکنجہ کسا ہی نہیں جارہا ہے جبکہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی آنکھوں کے سامنے غریبوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔غور طلب ہے کہ مغل شاہراہ کے ذریعہ اکثر غریب گھروں سے تعلق رکھنے والے مزدور اور مریض ہی سفر کرتے ہیں تاہم ڈرائیور طبقہ مریضوں و مجبور افراد کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر اضافی کرایہ وصول کررہے ہیں ۔مسافروں نے بتایا کہ مینڈھر اور پونچھ سے سرینگر کا سفر 179کلو میٹر بتایا ہے جبکہ ڈرائیورں کی جانب سے سات سواریاں لوڈ کر کے فی سواری ایک ہزار روپے وصول کئے جارہے ہیں جبکہ ریٹ لسٹ کے مطابق مذکورہ سواریوں کا کرایہ محض 42سو روپے بنتا ہے ۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ چھوٹی مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کےخلاف سخت کارروائی کرنے کےساتھ ساتھ ایس آر ٹی سی بسیں چلائی جائیں تاکہ مسافروں کےلئے آسانیاں پیدا ہو سکیں ۔اس سلسلہ میں ڈی ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ نے بتایا کہ ریٹ لسٹ شائع کی گئی ہے لیکن اگر اس کی کوئی بھی خلاف وررزی کرتا ہے تواس کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
مغل شاہراہ پر گاڑیوں کا کرایہ مسافروں کےلئے درد سر
