سرینگر//اپنی پارٹی نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے حکومت ِ ہند پرزور دیا ہے کہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں اور ذیلی خطوں کے مابین سڑک رابطوں کو بحال کیاجائے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مغل شاہراہ پر ’ٹنل ‘کی تعمیر کے لئے ضروری لوازمات مکمل کے عمل میں تیزی لائی پربھی زور دیا ہے ، جس کا مقصد سال بھر بلاخلل آمدورفت کے لئے سرینگر جموں شاہراہ کا متبادل فراہم کرنا ہے۔ سرینگر دفتر میں شوپیان سے آئے اپنی پارٹی ورکروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے منہاس نے کہاکہ مغل شاہراہ خطہ پیر پنچال کی عوام کے لئے شہ ِ رگ کی حیثیت رکھتی ہے جنہیں بصورت دیگر گرمائی راجدھانی سرینگر تک پہنچنے میں کئی قسم کی دقتوںکا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا’’ خطہ پیر پنچال کے اضلاع پونچھ اور راجوری کی عوام کے ساتھ ساتھ اِس طرف وادی خاص طور سے شوپیان میں رہنے والے لوگوں کوتاریخی مغل شاہراہ پر پبلک ٹریفک پر عائدپابندی سے سخت مشکلات کا سامنا ہے‘‘۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کو چاہئے کہ فوری طور پر مغل روڈ پر پبلک ٹریفک بحال کی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں۔ میٹنگ سے اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، عبدالمجید پڈر، پارٹی ضلع صدر سرینگر شیخ نور محمد، منتظر محی الدین اور عرفان نقیب نے بھی خطاب کیا۔ منہاس نے کہاکہ مغل شاہراہ پر پیر کی گلی میں مجوزہ ٹنل کی تعمیر کے لئے جوتکنیکی لوازمات ہیں، اُنہیں بلاتاخیر جلد از جلد مکمل کیاجائے تاکہ دونوں خطوں کے درمیان مسافت کم ہو اور ساتھ ہی سرینگرجموں شاہراہ پر ٹریفک دباؤ کم ہوسکے۔