پونچھ/ /تازہ برف باری کی وجہ سے وادی کشمیر کو ضلع پونچھ سے ملانے والی مغل شاہراہ ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے پونچھ کے سبزی اور پھلوں کے کاروباریوں کی تجارت متاثر ہوئی ہے۔ کاروبارویوں کے مطابق مغل روڈ سے کشمیر کی اچھی اور تازہ سبزیاں اور پھل انہیں سستے داموں مل جاتے ہیں جو عام عوام بھی آسانی سے خرید لیتے ہیں لیکن اس کے بند ہونے کی وجہ سے یہ سلسلہ منقطع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کاکارو بار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے جلد سڑک کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو اس سڑک کو ب12 ماہ تک بحال رکھنے کے اقدام کرنے چاہئے۔مقامی لوگوں نے بھی شاہراہ پر ٹریفک بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے کئی بار اعلانات تو کئے گئے کہ اس روڈ پر ٹنل تعمیر کیاجائے گا اور اسے قومی شاہراہ کادرجہ دیاجائے گالیکن ابھی تک عملی سطح پر کوئی اقدام نہیںہوا۔ انہوں نے کہاکہ وہ گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس روڈ کو متبادل شاہراہ کادرجہ دے کر اس پر ٹنل تعمیر کیاجائے ۔