مینڈھر //وادی اور پیر پنچال خطہ کو آپسی میں جوڑنے والی مغل شاہراہ کی بحالی کا عمل مسلسل جاری ہے جبکہ شاہراہ پر ابھی تک مجموعی طورپر 68.7کلو میٹر علاقہ سے بر ف ہٹا لی گئی ہے ۔انتظامیہ کے میکینکل شعبہ کی جانب سے سرنکوٹ بفلیاز اور شوپیا ں کی جانب سے برف ہٹانے کا عمل شروع کیا تھا جس کے تحت سرنکوٹ کی جانب سے ابھی تک 40.7کلو میٹر علاقہ سے برف صاف کر لی گئی ہے ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ اب کچھ ہی کلو میٹر علاقہ میں سے برف ہٹانا باقی رہ گیا ہے ۔اسی طرح شوپیاں کی جانب سے 28کلو میٹر علاقہ سے برف ہٹالی گئی ہے جبکہ مشینری کام پر پوری طرح سے تعینات ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اونچائی والے علاقہ میں جہاں برف کی شرح زیادہ ہے وہائیں پسیوں کی وجہ سے اس عمل میں کچھ حد تک رکاوٹیں بھی آرہی ہیں ۔متعلقہ محکمہ کے ایک آفیسر نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ10سے 15 دنوں میں شاہراہ سے برف ہٹا لی جائے گی تاہم اس پر گاڑیوں کی آمد ورفت بحال کرنے کا فیصلہ حکام کی جانب سے لیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے شاہراہ کو جلدازجلد بحال کیا جائے ۔