پونچھ//مغل شاہراہ پر پیش آئے دلدوز سڑک حادثے پر مختلف سیاسی رہنمائوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام پر ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے پر زور دیاہے ۔
مرتضیٰ خان
سابق ممبر قانون ساز کونسل مرتضیٰ احمد خان نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکام تیز رفتاری اور ائورلوڈنگ پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاکرتے ہوئے کہاکہ مہلوکین کے کنبوں کو ایکس گریشیاء ریلیف دی جائے جبکہ زخمیوں کو علاج کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔ مرتضیٰ خان نے کہاکہ ریاست میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے صرف زبانی دعوے کئے جارہے ہیں لیکن حقیقی معنوں میں ان قوانین پر عمل نہیں ہورہا جس کے نتیجہ میں یہ حادثات رونماہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گورنر انتظامیہ کو ٹریفک حادثات پر روک لگانے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کرناہوں گے جو غیر طبعی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
شبیر احمد خان
اپنے بیان میں سابق وزیر و کانگریس لیڈر شبیر احمد خان نے کہاکہ اس حادثے پر انہیں گہرا صدمہ پہنچاہے اور وہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گاڑیوں کی فٹنس چیک کی جاتی ہے اور نہ ہی لائسنسوں کے اجراء کا عمل ۔ انہوں نے کہاکہ حادثے کاشکار ہونے والا ٹیمپو کئی سال پراناہے اورحکام کی عدم توجہی کی بدولت ایسی ہی پرانی گاڑیاں حادثات کا موجب بنتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک کے نظام میں سدھار لانے کی ضرورت ہے اور ان حادثات پر روک لگائی جائے جنہوں نے کئی گھروں کو برباد کردیاہے۔
باغ حسین راٹھور
نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر پونچھ باغ حسین راٹھور نے مغل شاہراہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس کے متاثرین کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایسا حادثہ ہے جس کیلئے ضلع پونچھ کے لوگ تیار نہیں تھے اور اس سے پورے ضلع میں ماتم کاسماں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حادثات پر روک لگائی جاسکتی ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایاجائے۔