تھنہ منڈی //راجوری تھنہ منڈی سڑک کی تعمیر کے دوران دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے ساج باولی علاقہ میں کروڑوں روپے کی زمینیں انتہائی تباہ ہو گئی ہیں ۔سڑک کی توسیع سے عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو تا جارہا ہے جبکہ جو زمینیں سڑک میں نہیں جا رہی وہ بھی پوری طرح سے تباہ ہو رہی ہیں ۔سبکدوش صوبیدار آفتاب احمد نے بتایا کہ تقریباً 400 میٹر تک انکی زمین سڑک میں آرہی ہے اور 400 میٹر تک انکی زمین میں جو باندھ باندھا جا رہا ہے اس میں صرف سامنے کی طرف سیمنٹ کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اس میں انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مزید اراضی کے نقصان ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ آفتاب نے بتایا کہ 8 اپریل کو انھوں نے کام کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا جب وہ سامنے کی طرف سیمنٹ کا استعمال کر رہے تھے اور باقی کا باندھ عارضی بنا رہے تھے اور اسکے پیچھے بھی کئی میٹر کی زمین پوری طرح سے خالی چھوڑی جا رہی تھی تاکہ مزید پسیاں پڑیں اور ان سے بقیہ خلا پر ہوجائے۔ جب آفتاب نے کچھ افسران کو کال کر موقع پر پہنچنے کا کہا تو موقع سے تمام ملازمین اپنا سامان وہیں چھوڑ کر بھاگ گے۔ انھوں نے بتایا کہ کمپنی کی لاپرواہی اورعوام دشمن پالیسی کی وجہ سے پسیاں سڑک سے کئی میٹر دور اونچائی پر بنے انکے مکان تک پہنچ چکی ہیں اب اگر ایک اور پسی پڑی تو انکا مکان بھی پسیوں کی زد میں آجائے گا۔ مکینوں نے بتایا کہ انکے مکان کے سامنے بھی اسی طرح کا عارضی باندھ بنایا گیا تھا جوایک مہینے کے اندر اندر پوری طرح سے تباہ ہو چکا ہے اور متعدد مرتبہ ان کے کہنے کے باوجود بھی اس جگہ پر دوبارہ باندھ نہیں بنایا جا رہا جس سے انکا مکان بچ سکے۔انہوں کا مزید کہنا تھا کہ جو سیمنٹ باندھ بنانے کیلئے آرہا ہے وہ بڑی تعداد میں غائب کیا جا رہا ہے۔عرفان بھٹی آفتاب احمد اور دیگر کئی مکینوں نے تحصیل اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ موقع پر پہنچ کر موقع کا جائزہ لیں تاکہ یہ سڑک کہیں اس خطہ کی خوشحالی کے بجائے لوگوں کے زوال کا سبب نہ بن جائے۔