سرینگر// محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 4اور 5 اپریل کو پیر پنچال کے آر پار بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں بالائی اور میدانی علاقوں میں 4اپریل شام سے 5اپریل تک ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں البتہ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے ہوگا اور موسلادھار بارشیں نہیں ہونگی۔ 6اور 7اپریل کو موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ کے مطابق8اپریل سے موسم ایک بار پھر بہتر ہوگا ۔ ایڈوائزری کے مطابق بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ اور سرینگر لیہہ شاہراہ کے ساتھ ساتھ سادھنا ٹاپ پر ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل واقع ہو سکتی ہے ۔جبکہ ساتھ ہی پتھر کھسکنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔