عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہوائوں کا ایک اور مرحلہ 10اور 11مئی کی درمیانی شب داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران غیر موافق اور غیر مستحکم موسم کا امکان ہے۔ محکمہ نے کہا کہ اس وقفے کے دوران ہلکی بارشیں، گرج چمک کیساتھ تیز ہوائیں چلنے اور چند مقامات پر ژالہ باری خارج از امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 10ویں شام/رات سے 12ویں شام کے دوران کشمیر اور جموں ڈویژن کے چند مقامات پر ژالہ باری/گرج چمک/تیز ہوائوںکا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 11-12 مئی کو کچھ جگہوں پر خاص طور پر دوپہر کے بعد اور رات گئے تک ابر آلود موسم کے دوران ایک یا دو موسلا دھار ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ بہت سی جگہوں پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ13-17 مئی کوجزوی طور پر ابر آلود موسم میں بارشوں کا امکان ہے۔18 مئی کوبکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔19-20 مئی کوجزوی طور پر موسم ابر آلود رہے گا۔ کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 11-13 مئی کے دوران فارم کے کام کو معطل کر دیں۔