مغربی بنگال میں’امفان‘ طوفان کا قہر | 72افراد ہلاک ،ہزاروں کروڑ کا نقصان

کولکتہ//مغربی بنگال کے مختلف حصوں میں گردابی طوفان’امفان‘ کی زد میں آکر اور آٹھ لوگوں کی موت کے ساتھ قدرتی آفت کے شکار لوگوں کی تعداد بڑھ کر 72ہوگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق جمعرات کو کولکتہ میں پانچ اوردیگر ضلعوں میں تین لوگوں کے مرنے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے ۔تقریبا 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں اور زبردست بارش کے ساتھ گردابی طوفان بدھ کی شام سندرون ڈیلٹا علاقے اور جنوبی بنگال کے چھ ضلعوں میں داخل ہوگیااور ہزاروں کروڑ کا نقصان ہوا ہے ۔مغربی بنگال کے ساتھ اڈیشہ میں باضابطہ طور سے بچاؤ کے انتظامات کئے گئے ہیں، حالانکہ اڈیشہ سے کسی جانی نقصان کی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے ۔کلکتہ سمیت مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں بجلی سپلائی روک گئی ہے ۔موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثرہے ۔طوفان درجنوں کمیونیکیشن ٹاور کو متاثر کیا ہے ۔حکومت کے سینئر آفیسر نے کہا ہے کہ ابھی نقصانات کا مکمل جائزہ لینا قبل ازوقت ہوگا۔