ایجنسیز
نئی دہلی //وزیر اعظم نریندرمودی نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان تمام تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔وزیر اعظم نے اپنے میڈیا بیان میں کہا کہ “مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال ہمارے لیے تشویشناک ہے، ہندوستان تمام تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔”انہوں نے کہا کہ ہم اس خطے میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم کیساتھ ہوئی بات چیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے ملی ٹینسی سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے کہا کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور بنیاد پرستی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشترکہ اور سنگین چیلنجز ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف ہمارا قریبی تعاون عالمی امن اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔وزیر اعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں متحدہ عرب عمارات کے امیر،سعودی عرب کے سربراہ محمد سلمان اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کیساتھ رابطہ قائم کیا اور خطے میں ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے ان لیڈروں کیساتھ بھارتی شہریوں کی حفاظت اور ملک واپسی کے بارے میں بھی بات چیت کی۔