سرینگر//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے جموں وکشمیر حکومت سے اپیل کی ہے کہ رواں مالی سال تک لوگوں کو بجلی فیس سے متعلق یک وقتی ایمنسٹی دی جائے۔ ایک بیان میں رفیع میر نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ 5اگست 2019کے بعد لگاتار ہڑتالوں اور پھر کویڈ19لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے اقتصادی طور پہلے ہی بہت زیادہ پریشان ہیں۔انہوں نے کہا’’جموں وکشمیر کے لوگوں کی اقتصادی حالت قابلِ رحم ہے ، ہڑتالوں اور لاک ڈاؤن نے ہماری معیشت کی کمر توڑ دی ہے جس کیلئے حکومت کو لازمی مثبت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کچھ رعایت دینی چاہئے اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں مالی سال کے آخر تک بجلی اور پانی فیس معاف کئے جائیں‘‘۔ رفیع میر نے کہاکہ حکومت کافرض بنتا ہے کہ خاص طور سے کورونا بحران کے بعد مشکل صورتحال میں لوگوں کی فلاح وبہبودی کے اقدامات کئے جائیں، لوگوں کو اِن تباہ کن حالات کے دوران کچھ راحت دی جانی چاہئے، میری حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اِس معاملے کو سنجیدگی سے لیکر اور جموں وکشمیر کے صارفین کو یک وقتی فیس معاف کیاجائے‘‘۔ انہوں نے حکومت سے نرخوں میں شفافیت لانے اور حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے پاور ڈولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے کوئی خاطر خواہ اقدامات کرنے کی بھی گذارش کی ہے۔