معیشت کی بحالی انتہائی ضروری:اپنی پارٹی | لیفٹیننٹ گورنرسے مذہبی مقامات اور سیاحتی شعبہ کی بحالی کا مطالبہ

جموں//پونی، پِٹھو اور پالکی والوں کے لئے جامع مالی پیکیج کی مانگ کرتے ہوئے جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو سے اپیل کی ہے وہ جموں وکشمیر میں مذہبی مقامات اور سیاحتی شعبہ کو بحال کریںتاکہ معیشت کو پٹری پر لایاجاسکے۔ایک بیان میں پارٹی لیڈران اعجاز احمد خان، منجیت سنگھ اوروکرم ملہوترہ نے حکومت سے اپیل کی کہ مذہبی مقامات کو کھول دیاجائے تاکہ مذہبی مقامات سے جڑا کاروبار بحال ہو تاکہ تاجر وکاروباری طبقہ اور اُن کے اہل خانہ کو راحت ملے جوکہ اِس وقت مالی بحران کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماتا ویشنو دیو ی کٹرہ، اولڈ سٹی جموں میں تاریخی رگھوناتھ مندر ، باغ ِ بہو کے نزدیک تاریخی باوے والی ماتا مندر، ستواری زیارت، راجوری میں شاہدرہ شریف زیارت، ریاسی میں شیو کھوڑی، پیر کھو گپھا، کشتواڑ میں شاہ اسرار المعروف دربار ِ اسراریہ اور آستان پیاں ، مچیل ماتا، پونچھ میں بڈھا امرناتھ، ضلع اودھم پور کے رام نگر میں پہاڑوں پر واقع چونترہ ماتا مندر، سانبہ میں چیچی ماتا مندر، وجے پور کے گاؤں سوانکھا میں واقع بابا سدھ گوریہ جی اور اِسی طرح کے دیگر اہم مذہبی مقامات کوسیاحوں وعقیدتمندوں کے لئے کھول دیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ہمیشہ مذہب اور ٹورازم سیکٹر کے حوالے سے پسندیدہ مقام رہا ہے لیکن کویڈ لاک ڈاؤن کی وجہ سے سیاحت اور مذہبی مقامات سے منسلک تجارتی وکاروباری مراکز مکمل طور بند ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے اِن مقامات کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔ اسی طرح سیاحتی مقام جن میں سرئیں سر، مانسر، پتنی ٹاپ، سناسر، بھدروائی جائی وادی اور دیگر مقامات کو بھی سیاحوں کے لئے کھول دیاجاناچاہئے۔ چھوٹے کاروباریوں، ٹیکسی آپریٹرز، دکانداروں، پونی والا، پالکی والے، رھیڑی والے اور پھڑی والے جوکہ سخت متاثر ہیں، کو رواحت فراہم کرنے کے لئے معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنی پارٹی لیڈران نے امرناتھ یاترا اور ماتا ویشنو دیوی شرائین کٹرہ میں کام کرنے والے پونے والے، پِٹھو اور پالکی والوں کے لئے مالی پیکیج کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اِن کے پاس کوئی بھی دوسرا ذریعہ ِ معاش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کو ذاتی مداخلت سے کاروبار یوں ، دکانداروں ، ہوٹلوں، ٹیکسی چلانے والوں اور دیگر افراد کوروزی کمانے کے لئے حوصلہ افزائی کرنے اور اُن معاشی بحالی کے لئے جامع مالی معاونت کا اعلان کرنے کرنا چاہئے ۔