کپوارہ// معروف سماجی کارکن اورکپوارہ پبلک سکول کے سر براہ فیاض احمد لون طویل علالت کے بعد اتوار کی شام صورہ میڈیکل انسٹچوٹ میں انتقال کرگئے ۔اُن کے انتقال کی خبر جب ان کے آ بائی گاﺅ ں بلی پورہ پہنچ گئی تو وہا ں کہرام مچ گیا ۔فیاض احمد لون نے بنگلور میں کمپیوٹر انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی ۔تعلیم عام کرنے کے جذبے سے سرشارفیاض احمدنے 2003میں کپوارہ قصبہ میں ایک پرائیویٹ سکول قائم کیا اورچند برسوں میں ہی ایک بلند مقام حاصل کیا ۔جماعت اسلامی اور تبلیغ جماعت سمیت کئی مذہبی ،سیاسی اور سماجی تنظیمو ں کے علاوہ راجیہ سبھا ممبرفیاض احمد میراورجر نلسٹس فریٹرنٹی کپوارہ نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا ظہار کیا ۔معروف عالم دین اور خطیب جامع مسجد کپوارہ قاری محمد حسین دانش نے نماز جنازہ کی پیشوائی کی جس میں ہزارو ں لوگو ں نے شرکت کی جن کپوارہ پبلک سکول کے فارغ التحصیل طلبہ کی ایک بڑی تعداد شامل تھی ۔راجیہ سبھا ممبر فیاض احمد میر اوراین سی لیڈر و سابق وزیر قانو ن میر سیف اللہ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔قاری دانش نے فیاض احمد لون کوایک اعلیٰ کردار کا مالک قرار دیتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے کپوارہ میں سکول کا قیام عمل میں لاکر ایک بہترین مثال قائم کی اور نوجوان طبقہ کیلئے مشعل راہ بن گئے ۔مولانا نے کہا کہ اُن کے دل ودماغ میں دین کا جذبہ کو ٹ کو ٹ کر بھرا ہو اتھا ۔مرحوم کو لوگو ں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں پر نم آنکھو ں سے ان کے آ بائی گاﺅں بلی پورہ میں سپرد لحد کیا گیا ۔راجیہ سبھا ممبر فیاض احمد میر نے لواحقین کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ایک قریبی دوست سے محروم ہوگئے ۔فیاض میر صبح سویرے ہی مرحوم کے گھر پہنچ گئے تھے ۔دریں اثناءممبر قانون ساز کونسل قیصر جمشیدلون،پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر غلام نبی وار،ایجیک ضلع صدر کپوارہ میر فیاض ،ٹیچرس فورم ضلع صدر محمد امین خان اورکپوارہ قصبہ کے سیاسی و سماجی کارکن ریاض احمد میرنے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
معروف ماہر تعلیم ’کپوارہ پبلک سکول‘ کے سر براہ کا انتقال
