معروف ادبی شخصیت وحید مسافرؔ فوت

سرینگر//وادی کی معروف سماجی و ادبی شخصیت ،عبدالوحید قریشی ، جن کا قلمی نام وحید مسافرؔ تھا، 9مارچ2020سوموار کو انتقا ل کرگئے۔موصوف کے والد مولاناغلام احمد قریشی محکمہ تعلیم میں ایک استاد ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے وقت کے معروف اما م وخطیب تھے جنہوںنے اپنی زندگی میں اشاعت دین کیلئے ہمہ گیر کوششیں کیں۔ وحید مسافرؔ پیشہ کے اعتبار سے ایک بڑی ادویہ ساز کمپنی کے ریجنل منیجر رہے ہیں ۔ وحید مسافرؔدینی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ادبی سطح پر بھی سرگرم رہے ہیں اور وہ ریاست کے معروف شعراء میں شمار ہوتے تھے۔ موصوف کچھ عرصہ سے علیل تھے اور سوموار کو، موجودہ رہائش گاہ واقع باغات کنی پورہ میں انتقال کرگئے۔ان کے انتقال پر ادبی و سماجی حلقوںنے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔ لواحقین کے مطابق تعزیت پرسی کا سلسلہ 3دنوں تک جاری رہے گا۔