سرینگر// وادی میں مسلسل دوسرے برس بھی آثار شریف حضرت بل میں شب معراجؐ کی اجتماعی تقریب کو منسوخ کیا گیا،تاہم گزشتہ برس کے برعکس امسال جمعہ کو نماز پنجگانہ پر لوگ موئے مقدس کی نشاندہی سے فیضایاب ہونگے۔ کورونا وائرس کے نتیجے میں گزشتہ برس کی ہی طرز پر معراج العالمؐ کی مناسبت سے شب خوانی کی تقریب درگاہ حضرت بل، آثار شریف کلاشپورہ اور جناب صاحب صورہ سمیت دیگر بڑی مساجد اور خانقاہوں میں منسوخ کی گئی۔وادی کے دیہی اور مقامی علاقوں کی مساجد میں شب خوانی سے متعلق مختصر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ امسال تاہم معراج العالمؐ کے موقعہ پر درگاہ حضرت بل میں شب خوانی کی مختصر تقریب منعقد ہوئی۔ گزشتہ برس کورونا کے نتیجے میں عائد کئے گئے لاک ڈائون کے دوران درگار حضرت بل سمیت دیگر مقامات پرموئے مقدس کی نشاندہی نہیں کی گئی تھی۔ کو رونا وائرس کے پیش نظرمسلم وقف بورڈنے اعلان کیاہے کہ امسال شب معراج کے موقعہ پر بورڈکی زیرنگرانی زیارت گاہوں ،درگاہوں اورمساجد میں شب خوانی کی مجالس کااہتمام نہیں کیاجائیگا۔تاہم وقف بورڈنے واضح کیاہے کہ درگاہ حضرتبل سر ینگرمیں جمعہ کے روز ہرنمازکے بعدفرزندان توحیدموئے مقدسؐکے دیدار سے فیضیاب ہونگے ۔جمعہ کو معراج العالم کی سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہو رہی ہے جہاں شہر سرینگر سمیت وادی کے اطراف واکناف سے عقیدت مند جمع ہوں گے۔درگاہ جانے والے زائرین کیلئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی طرف سے خصوصی انتظام کیاگیاہے جبکہ رضاکار تنظیموں کی طرف سے بھی لوگوں کیلئے سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی ۔ ٹریفک پولیس نے بھی پہلے ہی وسطی،شمالی اور جنوبی کشمیر سے درگاہ حضرت بل آنے والی گاڑیوں کیلئے روٹ پلان مرتب کیا ہے۔ عمومی طور پر معراج عالم ؐ کی تقریب پر پوری وادی کی مساجدمیں شب خوانی کی تقریبات منعقد ہوا کرتی تھیںلیکن کورونا وائرس کی وجہ سے شب خوانی کی محدود مجالس کا اہتمام کیا گیا اور تقریبات میں کورونا کے خدشہ کے پیش نظر لوگوں نے سماجی دوری اختیار کی۔