معراج العالم تقاریب

سرینگر//ٹریفک پولیس سرینگرکی ایک ایڈوائزری کے مطابق معراج العالم تقریبات کیلئے درگاہ حضرتبل میں بڑی تعداد میں عقیدتمندوں کے جمع ہونے کی توقع ہے۔ٹریفک پولیس نے وادی کے مختلف اضلاع سے عقیدتمندوں کو حضرت بل تک لے جانے والے ٹریفک کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ شمالی اور جنوبی دونوں اضلاع بشمول وسطی اضلاع سے آنے والی ٹریفک کے لیے درج ذیل راستوں کا تعین کیا گیا ہے۔ شمالی کشمیر سے آنے والی گاڑیاںشالہ ٹینگ پہنچنے کے بعد پارمپورہ،قمرواری،سیمنٹ برج ،نورباغ،سکہ ڈافر ،عیدگاہ،عالی مسجدسازگری پورہ،علمگری بازار،مل اسٹاپ ،مولوی اسٹاپ (لال بازار)،بوٹہ شاہ محلہ اورکنہ تارسے ہوتے ہوئے یونیورسٹی پارکنگ پہنچ جائیں گی ۔اسی طرح جنوبی کشمیر سے آنے والی گاڑیاں پانتہ چھوک پہنچنے کے بعدعقیدت مندوں کو حضرت بل درگاہ تک پہنچنے کے لیے اتھوجن، بٹوارہ،سونہ وار بازار، رام منشی باغ،گپکار،گرینڈ پیلس،زیٹھ یار گھاٹ ،نشاط،فورشور روڈ،حبک کراسنگ ،یونیورسٹی پارکنگ (نسیم باغ طرف)اسی طرح وسطی کشمیرکے بڈگام اور ملحقہ علاقوں سے آنے والے عقیدت مندوں کو لے جانے والی گاڑیاں حضرت بل، درگاہ تک پہنچنے کے لیے حیدر پورہ ٹینگ پورہ بمنہ بائی پاس ،بمنہ کراسنگ ،قمرواری ،سیمنٹ برج ،نورباغ ،سیکہ ڈافر ،عیدگاہ ،عالی مسجد ،سازگری پورہ، حول،علمگری بازار،مل اسٹاپ ،مل اسٹاپ سے ہوتے ہوئے یونیورسٹی پارکنگ پہنگ جائیں گی۔لالچوک سے عقیدتمندوں کو لینے والی گاڑیاںایس آر ٹی سی کراسنگ،اخوان چوک،خانیار چوک ،بہوری کدل ،راجوری کدل، گوجوارہ چوک ،حول،علمگری بازار،مل سٹاپ ،مولوی اسٹاپ ،کنہ تار،یونیورسٹی پارکنگ (صدربل سائیڈ)اورگاندربل ناگہ بل،زکورہ،حبک،نسیم باغ پارکنگ کا راستہ اختیار کریں۔شمالی کشمیرکیلئے حضرت بل سے واپسی پریونیورسٹی پارکنگ صدربل سے رعناواری،خانیار،نائوپورہ،ڈلگیٹ،ایم اے روڈ،بڈشاہ پل، جہانگیر چوک فلائی اوور ،بٹہ مالو، ،مومن آباد، ٹینگہ پورہ ،بمنہ بائی پاس،پارمپورہ،شالہ ٹینگ کا راستہ اختیار کریں گے اور جنوبی کشمیرکیلئے حضرت بل  سے واپسی پرنسیم باغ پارکنگ ،حبک کراسنگ ،ساحلی سڑک نشاط ،زیٹھ یار گھاٹ، گپکار ،رام منشی باغ،سونہ وار بازار،پانتہ چھوک سے آگے کی طرف بڑھیں گی ۔بڈگام کے لیےNIT،عشائی باغ کراسنگ ،رعناواری،خانیار،نائوپورہ،ڈلگیٹ،گالف کراسنگ ،ریڈیو کشمیر، عبد اللہ برج ،ہیٹرک ،کانونٹ کراسنگ سے ہوتے ہوئے آگے جائیں۔ایڈوائزی کے مطابق پارکنگ کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں اسلئے سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں۔
 
 
 
 

شب معراج پرخصوصی انتظامات کئے جائیں:نیشنل کانفرنس

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شب معراج کی تقریب کے دوران درگاہوں، زیارتگاہوں ، مساجد اور خانقاہوں میں زائرین کیلئے بغیر خلل بجلی، پینے کا پانی، صحت وصفائی اور صبح صادق سے رات گئے تک معقول ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات دستیاب رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ خصوصی طور پر درگاہ حضرت بل، آثار شریف شہری کلاش پورہ، جناب صاحب صورہ، لالبازار، پنجورہ شوپیان، اہم شریف بانڈی پورہ ، کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ، ڈانگرپورہ نرورہ، آستان شاہ نقشبند صاحبؒ سیدواری، آستان امام عالم نائد کدل کے علاوہ جملہ خانقاہوں ، مساجد اور زیارت گاہوں میں تمام سہولیات مسیر رکھیں ۔ ساگر نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں برف سے ڈھکی سڑکوں کو جنگی بنیادوں پر بحال کریں تاکہ ایام متبرکہ کے دوران زائرین کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے وقف بورڈ کے اعلیٰ حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ عقیدتمندوں کیلئے مؤثر اور مناسب اقدامات کریں۔ 
 
 

معراج العالمؐ اورمہاشیوراتری

خوش اسلوبی سے منانے کیلئے پیشگی انتظامات لازمی:حکیم یاسین

 سرینگر//  پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم محمد یاسین نے حکومت سے مانگ کی ہے کہ وہ معراج العالمؐ کے متبرک موقعہ اورمہاشیوراتری تہوارکو عقیدت و روایتی شان و شوکت سے منانے کیلئے پیشگی مکمل انتظات کریں۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ مہاشوراتری جس کو کشمیری میں ہیرتھ کہتے ہیں جموں وکشمیر کے لوگوں کے صدیوں پرانے مذہبی یگانگت اور آپسی بھائی چارے کی شاندار علامت ہے۔حکیم یاسین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مہاشوراتری اور معراج العالمؐ کے موقعہ پر جو اتفاقاً دونوں یکم مارچ کے روز ہیں،کو خوش اسلوبی سے منانے کے لیے ان ایام کے دوران بلاخلل بجلی ، پینے کا پانی ، سٹریٹ لایٹس ،  سبزیاں ،مچھلی ، ندرں کی وافر مقدار میں فراوانی کو یقینی بنائیں اور اس مقصد کے لیے حسب روایت بازاروں اور دور دراز علاقوں میں موبائل سبزی گاڑیوں کا استعمال عمل میں لائیں۔