معذور افراد کیلئے ’سکل ڈیولپمنٹ سینٹر‘ قائم

پونچھ//ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق، سماجی بہبود کے محکمہ نے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کی نگرانی میں خود روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے مقصد سے گاؤں پاراکوٹ، ساوجیاں تحصیل منڈی، پونچھ میں خصوصی طور پر معذور افرادکیلئے ہنر مندی کا مرکز کھولا۔ یہ مرکز مختلف کورسز پیش کرنے والا ہے اور امیدواروں کی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال کو یقینی بنائے گا جس میں آج 15 مرد معذور بہرے اور گونگے افراد کو کارپینٹری کورس میں اور 15 خواتین کو کٹنگ اور ٹیلرنگ میں داخلہ دیا گیا۔ تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر نے کہا کہ اس کا مقصد معذور افراد کو تربیت دینا ہے تاکہ انہیں معاشرے میں بوجھ نہ سمجھا جائے بلکہ ایک فعال روٹی کمانے والے کے طور پر دیکھا جائے۔مذکورہ قدم خصوصی طور پر معذور افراد کو صحیح قسم کا ماحول دے کر ان میں خود انحصاری کا احساس پیدا کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا اس سے انہیں اپنے آپ پر بھروسہ کرنے اور ان کے بارے میں معاشرے کا رویہ تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر نے ہنر کی تربیت کے بارے میں بتایا جو ادارہ مختلف تجارتوں جیسے کارپینٹری، کٹنگ، ٹیلرنگ وغیرہ کے ذریعے فراہم کرے گا۔تربیت حاصل کرنے والوں کو 500 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے۔ گاؤں پارالکوٹ کے لوگوں نے ان کے دور دراز کے علاقہ میں ہنر مندی کے فروغ کے تربیتی مرکز کھولنے پر سیکرٹری سماجی بہبود اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔