بانہال// سب ڈویژن بانہال کے کھڑی علاقے میں سرن سے سراچی تک روڈ کی زد میں آنے والے معاوضہ ادا نہ کرنے کے خلاف متاثرہ زمینداروں نے تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ پچھلے چار سال سے سراچی ، نیدکہ رابطہ سڑک کو تعمیر کر رہی ہے لیکن اس سڑک کی تعمیر کی زد میں آنے والے زمینداروں کو ابھی تک زمینوں اور دیگر نقصانات کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔کھڑی بس سٹینڈ میں اپنے مطالبات کو لیکر تحصیل کھڑی کے ہالہ ، پانچل اور ہنجوس کے احتجاجی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ اس رابطہ سڑک کا کام سست روی کر رہا ہے جبکہ اس رابطہ سڑک سے متاثر ہونے والے زمینداروں کو ابھی تک معاوضہ ادا نہیں کیا گیا یے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک رابطے سے ابھی تک منقطع سراچی ، تراگن ، ہالہ اور ہنجوس کے لوگوں نے سڑک کی تعمیر میں سرعت لانے کیلئے کئی بار اپنی آواز بلند کی لیکن محکمہ تعمیرات عامہ من مرضی سے اس روڈ کی تعمیر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاوضہ کی ادائیگی کو لیکر وہ پچھلے تین سالوں سے آواز اٹھاتے آرہے ہیں جبکہ نقصانات کی تمام فائلیں پہلے ہی تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس رابطہ سڑک کی تعمیر کی وجہ سے نقصانات سے دوچار لوگوں کو فوری طور معاوضہ ادا کیا جائے۔