جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ کے بیان کہ ’اگر بھارت میں بقول ان کے مسلمانوں کے ساتھ ظلم بند نہیں ہوا تو ملک کے مزید دو ٹکڑے ہوں گے‘ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت کے ٹکڑے کرنے کی کسی میں ہمت نہیں ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ بھارت اب 1947 ءوالا بھارت نہیں رہا ہے جس کے ٹکڑے کئے جاسکتے ہیں۔ بھاجپا کے ریاستی ترجمان اعلیٰ ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے اتوار کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع پارٹی دفتر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’بیگ صاحب نے ہندوستان کو دھمکی دی ہے کہ اگر گائے کے نام پر ہجومی تشدد نہیں رکا تو ملک کے مزید دو ٹکڑے ہوں گے۔ بی جے پی ہجومی تشدد کو سپورٹ نہیں کرتی۔ ہم ایسے کسی بھی تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ لیکن ہجومی تشدد کی آڑ میں ملک کو دھمکانا کہ ایک اور بٹوارہ ہوگا، یہ ناقابل برداشت ہے۔ ہندوستان اب 1947 والا ہندوستان نہیں ہے جس کے ٹکڑے کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے ٹکڑے کرنے کی کسی میں ہمت نہیں ہے‘۔ انہوں نے کہا ’ یہ لوگ ہندوستان کی مسلم کیمونٹی کو بہکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہندوستان کے مسلمان قوم پرست ہیں۔ ہندوستان کا مسلمان اتنا ہی دیش بھگت ہے جتنا ایک ہندو، سکھ اور عیسائی ہے۔ اگر مظفر بیگ اصول پرست ہیں تو انہیں اس بیان پر لوک سبھا سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔ لوک سبھا کی اسپیکر کو بھی بیگ صاحب کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے۔ ان کو لوک سبھا سے معطل کیا جانا چاہیے‘۔