بانہال//ضلع رام بن کے سب ڈویژن رامسو میں کام کرنے والی آشا ورکروں نے ماہانہ مشاہرہ میں اضافہ اور واگذاری کو لیکر جموں سرینگر شاہراہ پر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور کچھ وقت کیلئے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی۔ رامسو میں شاہراہ پر جموں و کشمیر آشا ورکرس یونین کے بینر تلے آشا ورکروں نے اپنے مطالبات کے حق میں صدائے احتجاج کے طور نعرے بھی بلند کئے اور بعد میں ایس ڈی ایم رامسو چودھری دل محمد خان کر ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ۔ میڈیکل بلاک اکھڑال کے رامسو ، مکرکوٹ ، نیل ، پوگل پرستان سینابتی ، آلنباس ، اہمہ دردہی ، سوجھمتنہ ، دھنسمتہ وغیرہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں کووڈ کی روک تھام کیلئے اپنے فرائض انجام دینے والی ان خواتین ہیلتھ ورکروں کا کہنا ہے کہ سرکار کی طرف سے انہیں گھر گھر جاکر کووڈ ویکسین لگوانے اور کووڈ جانچ کروانے میں صف اول کی ورکروں کے طور کام پر لگا رکھا ہے مگر افسوس کی بات یہ کہ انہیں ابھی تک کووڈ فرنٹ لائین ورکروں کے زمرے میں بھی نہیں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار ان کے جائز مطالبات نظر انداز کر رہی ہے جس میں جموں و کشمیر میں گھر گھر جاکر کار سرکار انجام دینے والی آشا ورکروں کی اجرتوں میں اضافہ اور ان کی بقایا اجرتیں واگذاری کرنے اور انہیں فرنٹ لائین ورکر کے زمرے میں لانے کے مطالبات شامل ہیں۔ انہوں نے آپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے اور بعد ایس ڈی ایم رامسو چودھری دل محمد خان کو ایک میمورنڈم پیش کیا ۔ آشا ورکرس نے تحریری میمورنڈم میں لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے پر زور گزارش کی کہ ان کی دیرینہ مانگوں کو پورا کیا جائے بصورت دیگر وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔ بعد میں یہ احتجاج پر امن طور اختتام پذیر ہوا۔
مطالبات کے حق میں رامسو میں آشا ورکروں کا احتجاج
