سرینگر//سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقعے پر ریاست کے طالب علموں سے مارننگ اسمبلی کے دوران ٹیلی رابطے کی وساطت سے مخاطب ہوکر کہاکہایک مضبوط تعلیمی نظام ایک مضبوط قوم کی ضمانت ہے اورتعلیم ہی انسان کا بنیادی زیور ہے۔ سیکریٹری تعلیم نے گرلز ہائر سیکنڈری سکول امیرا کدل میںمنعقدہ مارننگ اسمبلی کے دوران ایک غیر معمولی تقریب سے مخاطب ہوکرکہا کہ مرد کی تعلیم ایک فرد کی تعلیم ہے جبکہ ایک عورت کی تعلیم پورے خاندان کی تعلیم ہے۔انہوں نے ریاست جموں و کشمیر کی تعلیمی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کو سینکڑوں سال پہلے تعلیم کے میدان میں نمایاں خصوصیات کی وجہ سے جانا جاتا تھااس لئے ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اُس سنہرے دور کو واپس لائیں۔ سیکریٹری موصوف نے کہا کہ تعلیم کے حدود زمین سے لے کر آسمان تک ہیںاس لئے ہمیں تعلیم کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،چاہے وہ آرٹس مضمون ہو یا سائنس ۔ انہوںنے طالب علموں سے اپیل کی کہ وہ ریاست کی تاریخی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تعلیم کی طرف پوری توجہ دیں ۔ تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقعے پر ریاست کی اساتذہ برادری سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو تعلیم کو عبادت سمجھ کر بچوں کو بہتر انسان بنانے کی کوششوں میںجُٹ جانا چاہیے کیونکہ ہم سب کی خوشی کے رازاسی میںپنہاں ہیں۔اسی دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقعے پر طلباء کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم ہی وہ آلہ ہے جس کی مدد سے ہم مشکل سے مشکل سمندر کو پار کرسکتے ہیں اور کٹھن سے کٹھن پہاڑ کو سر کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کے حوالے سے سب سے بڑا چیلینج جدید تعلیم ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اخلاقیات کے درمیان توازن کو برقرار رکھنا ہے۔جس کے لئے محکمہ تعلیم کوشاں ہے کہ وہ ہر مرحلے پر طالب علموں کی رہنمائی کی جائے۔ انہوں نے اس سلسلے میں اساتذہ برادری سے تعاون کئے جانے کی اپیل کی ہے۔ اسی دوران ناظم تعلیم جموں راکیش کمارنے بھی آج کے موقعے پہ کئی تقریبات میں حصہ لیتے ہوئے طلباء کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔گرلز ہائر سیکنڈری سکول امیراکدل کی طالبات سے جہاں سیکریٹری تعلیم ٹیلی رابطے کے ذریعے مخاطب ہوئے وہیں گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں اُن چار سو سے زائد بینائی میں کمزور طالب علموں کومفت عینک تقسیم کئے گئے جن کا بینائی سے متعلق معائنہ پہلے ہی کیا گیا تھا۔تقریب کا اہتمام چیف ایجوکیشن آفیسرسرینگر کی SSAوِنگ نے کیا تھا جس دوران ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر مدثر کلیم فاضلی، او ایس ڈی کلچرل ایجوکیشن وِنگ جی این شاکر ، میڈیا کارڈی نیٹر ایجوکیشن فیاض احمد فیاضؔ اورانچارج SSAسرینگرشوکت حسین نے طالب علموں میں مفت عینک تقسیم کئے۔تعلیم کے بین الاقوامی دن کے سلسلے میںجہاںریاست کے سکولوں میں مارننگ اسمبلی کے دوران خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ وہیں اس سلسلے میں دن بھر کئی تقریبات منعقد ہوئیں۔گرلز ہائر سیکنڈری سکول امیراکدل میں منعقدہ مارننگ اسمبلی پروگرام کے دوران سکول کی پرنسپل عفیفہ عشائی نے سکول میں مختلف زُمروں کے تحت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو اسناد سے نوازا۔ سٹیٹ میڈیا سینٹر ایجوکیشن کودیر شام تک موصولہ اطلاعات کے مطابق گرلز ہائر سیکنڈری سکول راجباغ، بائز ہائر سیکنڈری سکول بٹہ مالو، گرلز ہائی سکول کھنہ بل اننت ناگ، گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ، بائز ہائر سیکنڈری سکول جواہر نگر، ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ڈورو، گرلز ہائر سیکنڈری سکول نُنر گاندربل، گرلز ہائر سیکنڈری سکول کپواڑہ میں بھی اس سلسلے میں تقریبات کا انعقاد ہوا۔اس کے علاوہ ریاست کے گاندر بل ، بڈگام، اننت ناگ کے دیگرکئی سکولوں اور رام بن،جموں، کرگل اور لیہہ میں بھی کئی پروگراموں کے دوران طالب علموں کو تعلیم کی اہمیت و افادیت سے روشناس کرایا گیا۔