پیرس//فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مشہورِ زمانہ ایفل ٹاور کی بتیاں بجھا دی گئیں۔ یہ اقدام جمعے کے روز مصر کے شہر العریش میں ایک بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے واسطے کیا گیا۔پیرس کے میئر آن ہیدالگو نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں حملے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کے لیے تعزیت پیش کی جب کہ زخمیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ مصر کے شہر بئر العبد کے نواحی گاؤں الروضہ میں ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 235 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ ہیدالگو کا مزید کہنا تھا کہ پیرس کے اس معروف عجوبے کی بتیاں گْل کرنے کا عمل فرانسیسی دارالحکومت کی جانب سے یک جہتی کا ایک پیغام ہے اس لیے کہ یہ مقام خود آخری چند برسوں میں شدت پسندوں کی جانب سے خونی حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔ادھر فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ میں مصر کی مسجد میں ہونے والے خوف ناک بم دھماکے پر اپنی تعزیت کا اظہار کیا۔