قاہرہ //مصر میں مسافر ٹرین کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ مصر کے شہر طھطا میں پیش آیا جہاں ایک مسافر ٹرین اچانک پٹری سے اتر گئی۔ ٹرین الٹ جانے کے باعث کئی افراد پھنس گئے۔پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیوورکرز نے لاشوں اور زخمیوں کو ٹرین سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔اسپتال کے مطابق حادثے میں 32 افراد ہلاک ہوئے جب کہ زخمیوں کی تعداد 165 ہے جس میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔مصر کے وزیراعظم نے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس نے بھی غفلت برتی اسے سخت سزا دی جائے گی۔اس دوران دارالحکومت قاہرہ میں ایک نو منزلہ عمارت منہدم ہونے سے آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔سنیچر کی صبح نو منزلہ عمارت گرنے سے 24 افراد زخمی ہوئے ہیں۔مصر کے محکمہ پبلک پراسکیوشن نے وجوہات جاننے کے لیے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔