سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کل یہاں شکایتی سیل چرچ لین میں ایک عوامی دربار منعقد کیا اور مختلف امور اور عوامی اہمیت کے مسائل اور مطالبات سنے۔متعدد عوامی وفود اور اَفراد نے مشیرموصوف سے ملاقات کی اور انہیں اَپنے مختلف امور اور مطالبات گوش گزار کئے۔دَرباغ ہارون کے ایک وفد نے علاقے میں پلے فیلڈ کی تعمیر کا مطالبہ کیا اور اُنہوں نے اس کے لئے اراضی کی تجویز پیش کی۔اِسی طرح سمندری ہال گوردواہ پربندھک کمیٹی کے ایک وفدنے مشیر سے وادی کے سکھوں کو پہاڑی زبان بولنے والوں کے زُمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔چودھری باغ رعناواری کے ایک وفد نے علاقے میں سڑک کو توسیع دینے کا مطالبہ کیا۔اِس کے علاوہ سپروائزرس ایسوسی ایشن ، ایس ڈی اے ایمپلائز یونین ، اِن سروس اور ریٹائرڈ ملازمین ایگرو اِنڈسٹریز جے اینڈ کے ہیلپروں کے لئے بھی چھٹے پے کمیشن کی واگزاری ، پنشنری فوائد اور دیگر امور سے متعلق مشیر کے سامنے مختلف امورگوش گزار کئے ۔مشیر نے وَفود اور اَفراد کو بغور سنا اور انہیں یقین دِلایا کہ جلد از جلد ازالے کے لئے ان کے تمام جائز معاملات کی جانچ کی جائے گی۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو موقعہ پر ہی ہدایت جاری کی کہ وہ اَپنے محکموں سے متعلق معاملات پر بھی توجہ دیں۔