سرینگر //لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کل ٹیولپ گارڈن کا دورہ کیا اور وہاں ٹیو لپ فیسٹیول کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران مشیر کو جانکاری دی گئی کہ تقریباً 30 ہیکٹر رقبے پر محیط اس باغ میں زائد از 64 اقسام کے 15 لاکھ سے زائد پھول کھلے ہیں ۔ مشیر کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے وادی میں سیاحت کے سیزن کے آغاز پر اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں ایک ثقافتی پروگرام کا منصوبہ بنایا ہے ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ وادی کشمیر میں فلوریکلچر اور سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ٹیو لپ باغ 2008 میں کھولا گیا تھا ۔ مشیر نے کہا کہ ٹیو لپ گارڈن سیاحوں کیلئے بہترین سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ مشیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ سیاحوں کیلئے عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی کو برقرار رکھیں ۔ انہوں نے اس باغ کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے محکمہ فلوریکلچر اینڈ ٹورازم کی کوششوں کو سراہا ۔ مشیر خان نے اس موقعہ پر سیاحوں کے ساتھ بھی بات چیت کی جنہوں نے باغ کی خوبصورتی کو سراہا ۔ مشیر نے انہیں جموں کشمیر میں سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اور سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے ایک سفیر کی حثیت سے کام کرنے کی تلقین کی ۔ مشیر نے بعد میں بادام واری کا دورہ کیا اور سیاحوں اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی ۔