مشیر فاروق خان نے صوبہ جموں میں یوم آزادی اِنتظامات کا جائزہ لیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے صوبہ جموںکے اَضلاع میں 75ویں یوم آزاد ی کی تقریبات کو خوش اَسلوبی سے منعقد کرنے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، صوبائی کمشنر ڈاکٹر راگھو لنگر ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اَنشل گرگ ، آئی جی بی ایس ایف ، ڈی جی این سی سی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس پی جموں ، ایس ایس پی ٹریفک ، ایس ایس پی سیکورٹی ، ڈائریکٹر فلوری کلچر ، جے پی ڈی سی ایل کے چیف انجینئر ، جے ڈی اِنفارمیشن ، جوائنٹ کمشنر جے ایم سی کے علاوہ جل شکتی ، پی ڈبلیو ڈی ، مہمان نوازی و خاطر تواضع ، فوج، جے کے آر ٹی سی ، سپورٹس کونسل ،تعلیم ، کلچر اکیڈیمی نے شرکت کی جبکہ صوبہ جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنران کے ساتھ ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ ضلعی اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ صوبائی کمشنر نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ تمام اَضلاع میں جشن آزادی کے حوالے سے جائزہ میٹنگ منعقد کئے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی تقریب ایم اے سٹیڈیم جموں میں منعقد ہوگی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ضروری اِنتظامات کو اچھی طرح سے انجام دیں۔ڈپٹی کمشنران اور ایس ایس پیز نے مشیر موصوف کو اَپنے متعلقہ ضلع میں یوم آزادی کی تقریبات خوش اَسلوبی سے منعقد کرنے کے اِنتظامات سے آگاہ کیا۔مشیر موصوف نے ڈپٹی کمشنران کو ہدایت دی کہ وہ دورانِ تقریبات کووِڈ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کووِڈ ویریروں کی پذیرائی کے اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا اور بتایا گیا کہ اِس مقصد کے لئے سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ مشیر فاروق خان نے اَفسران کو ان کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام اَضلاع میں تقریبات کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لئے تمام اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے اور 75 ویں یوم آزادی کی ایک یاد گار تقریب بنایا جائے۔مشیر موصوف نے اَضلاع میں شجرکاری مہم چلانے اور یوم آزادی تقریبات کے موقعہ پر سوشل میڈیا یا پلیٹ فارموں پر حب الوطنی کے گیت گانے ، مصوری مقابلے ، کوئز ، سمیناروں وغیرہ پروگرام منعقد کرنے پر بھی زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ بلاک سطح پر اور ہرپنچایت ، سکولوں میں پی آر آئی ممبران کی فعال شمولیت کے ساتھ یوم آزادی کی تقریبات کو یقینی بنایا جائے ۔دیہی ترقی اور سکولی تعلیم محکموں کوہدایت دی کہ وہ سکولوں او رپنچایتوں میں تقریبات کو منعقد کریں۔ایس ایس پیز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اَپنے متعلقہ اَضلاع میں سبھی ڈویژن اور بلاک کی سطح پر جہاں قومی پرچم لہرایا جائے گا ، تمام مقامات کی حفاظت کا خیال رکھیں۔ اُنہوں نے پولیس حکام سے کہا کہ وہ بالخصوص بین الاقوامی سرحدوں / کنٹرول لائن کے ساتھ پنچایتوں میں مکمل پروف حفاظتی اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں مختلف اہم امور پر سیر حاصل بحث ہوئی جس میں حفاظتی اِنتظامات ، ٹریفک ، سیکورٹی پاس، نشستوں کے اِنتظامات ، ڈیکوریشن ، شہنائی وادھن ، تبصرہ نگار، دفاتر کا چراغاں،پی اے ایس ، بجلی اور پانی کی فراہمی ، صفائی ستھرائی ، طبی سہولیات ، دعوت نامے ، ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں اور متعلقہ اَفسران کو ہدایات دی گئیں کہ قومی ایونٹ کے خوش اسلوبی سے اِنعقاد کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کو مناسب طریقے سے پیشگی کیا جائے ۔مشیر موصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ تمام محکمے اَپنی دفتری عمارتوں کی چراغاں کو یقینی بنائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی گئی کہ وہ ’آزادی کا امرت مہااُتسو“کے سرگرمی کیلنڈر پر عمل کریں اور کیلنڈر کے مطابق اَضلاع میں تقریبات اور سرگرمیوں کااہتما م کریں۔