جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ڈی آر ڈی او ہسپتال بھگوتی نگر کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ مشیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جموں انشل گرگ، ایس ایس پی جموں ، چیف انجینئر ڈی آر ڈی او ، ایس ای پی ڈبلیو ڈی جموں ، ایس ای ایم ای ڈی جموں ، ایس ای یو ای ای ڈی جموں ، محکمہ صحت اور دیگر وابستہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی تھے ۔ دورے کے دوران مشیر بھٹناگر نے کہا کہ یہ سہولت جنگی بنیادوں پر تعمیر کی جا رہی ہے اور اس کی تکمیل کے بعد جموں ڈویژن کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور کووڈ 19 کے پیش نظر عوام کو بہتر علاج فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔ مشیر نے متعلقہ عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر لازمی کام اچھے طریقے سے مکمل کریں تا کہ یہ سہولت جلد از جلد عوام کیلئے مختص کی جائے ۔ انہوں نے ہسپتال میں درکار افادیت اور خدمات کی صورتحال کا بھی جائیزہ لیا ۔ مشیر بھٹناگر نے ہیلتھ اتھارٹیز کو مزید ہدایات جاری کیں کہ وہ ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ پیرا میڈیکل عملہ کی بروقت تعیناتی کو یقینی بنائے اور کووڈ مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ہسپتال میں ہر طرح کے استعمال کی جانے والی چیزوں اور طبی سامان کی سہولت کا انتظام کرے ۔ دورے کے دوران ڈی آر ڈی او کے افسران نے مشیر کو ہسپتال کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا ۔