جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ عوامی دربار میں متعدد وفود اور اَفراد سے ملاقات کی۔متعدد وفود اور اَفراد نے مشیر موصوف کو ان کے مسائل اور مطالبات گوش گزار کئے اور ان کے فوری حل کی مانگ کی۔عوامی رسائی پروگرام کے دوران نان ایمپلائیڈبی ڈی ایس ڈاکٹروں کی ایک وفد نے محکمہ میں بی ڈی ایس ڈاکٹروں کی اَسامیوں کی تشکیل اور اَسامیوں کوپُر کرنے کا مسئلہ اُٹھایا اور اس میں ان کی مداخلت طلب کی۔اُنہوں نے محکمہ میں دانتوں کے پیشہ ور اَفراد کی اسامیوں کو باقاعدہ بنانے اور خالی اَسامیاں کو جلد پُر کرنے کا مطالبہ کیا۔دھرمرت ٹرسٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے ایک اور وفد نے شری ماتا ویشنودیوی جی شرائین بورڈ کے ساتھ ٹرسٹ کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضم کرنے کا مطالبہ کیا۔اِسی طرح سینک کالونی جموں سے سابق فوجیوں کے ایک وفدنے مختلف سابق فوجیوں کو الاٹ پلاٹ جلد اور بروقت قبضہ کرنے کے علاوہ کالونی کے آس پاس تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مانگ کی۔ برنائی سے ایک عوامی وفد نے مشیرموصوف کو اپنے علاقے کے متعلق متعدد امور گوش گزار کئے ۔ اُنہوں نے شمشان گھاٹ کے تحفظ کے علاوہ اس جگہ کے اطراف تجاوزات کو ختم کرنے کی مانگ کی۔اِن وفود کے علاوہ جموں ، رِیاسی ، سری نگر ، بڈگام ، راجوری اور دیگر علاقوں کے متعدد اَفراد نے مشیر کے ساتھ متعدد امور اُٹھائے اوران کے فوری ازالے کی مانگ کی ۔مشیر بھٹناگر نے وَفود اور اَفراد کے مسائل اور مطالبات بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے اٹھائے گئے جائز معاملات اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔دریں اثنأ ، مشیرموصوف نے شکایات کو بروقت حل کرنے کے لئے مختلف محکموں کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔