سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیربصیر احمد خان نے کل لیفٹیننٹ گورنرس گریوینس سیل چرچ لین عوامی شکایات کی شنوائی کے کیمپ کے دوران متعدد عوامی وفود کے ساتھ مسائل و مشکلات کا جائزہ لیا ۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے صدر محمد صادق بقال کی سربراہی میں ٹریڈرس کے ایک وفد نے مختلف مسائل سے مشیر کو آگاہ کیا جس میں یو ٹی حکومت کے ذریعہ اعلان کردہ معاشی پیکیج کی فراہمی ، قرضوں کی ادائیگی میں توسیع ، غیر معیاری بجلی کی کٹوتی کے باعث کاروباری اداروں کو ہونے والے نقصان ،برف ہٹانے کیلئے مشینوں کو کام پر لگانے ،ایس ایم سی کے واٹر پمپ کوقابل کام بنانے ، قمروری میں مجوزہ سڑک کی کشادگی سے متاثرہ تاجروں کی بحالی ، لال چوک میں پارکنگ کی ناکافی سہولیات اور دیگر اہم مسائل نوٹس میں لائے ۔اس کے علاوہ مشیر سے پوسٹ گریجویٹ نوجوانوں ،لو پیڈ ملازمین یونین ،گورئمنٹ آرٹس ایپوریم ملازمین کے ساتھ ساتھ خوشی پورہ اننت ناگ اور دیگر اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود ملے اور انہیں اپنے اپنے مطالبات پیش کئے ۔