جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے مختلف محکموںکے اعلیٰ اَفسران کے ہمراہ بارہمولہ ضلع کا دورہ کر کے وہاں ضلع میں کلہم ترقیاتی صورتحا ل کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔دوران میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے مختلف شعبوں کے تحت ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری پیش رفت سے متعلق پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے تفصیلات پیش کیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں مختلف شعبوں کے تحت ترقیاتی عمل میں کافی بہتری آئی ہے جن میںباغبانی،زراعت ،دیہی ترقی ، صحت وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے ترقیاتی عمل میں درپیش رُکاوٹوں اور مسائل کے بارے میں بھی مشیر کو آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے ان کی ذاتی مداخلت طلب کی۔اِس موقع پر اَپنے خیالات کااِظہار کرتے ہوئے مشیر موصوف نے متعلقہ حکام کو لگن اور تن دہی سے کام کرنے کے لئے کہا اور ایک مؤثراور فوری عوامی خدمات نظام کو ترجیح دینے کے لئے کہا ۔انہوں نے دستیاب وسائل کو متحرک کر کے تمام زیر تعمیر منصوبوں کو معین مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی اور مختلف سطحوں پر عوامی شکایتی ازالہ نظام کے قیام پر بھی زور دیا ۔ دریں اثنا ٔ مشیر موصوف نے کووِڈ۔19 ٹیکہ کاری پروگرام کا جائزہ لیا اور مختلف محکموں کو زمینی سطح پر اِس ضمن میں مثبت نتائج کے حصول کے لئے قریبی تال میل اور تعاون کے ساتھ کام کرنے کے لئے کہا ۔ اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ۔19 ٹیکہ کاری سے متعلق شکوک و شبہات اور تشویش کو ختم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر جانکاری عام کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ڈی آئی جی شمالی کشمیرسلیمان چودھری ، ایس ایس پی بارہمولہ ، جے ڈی پی ،ایس ڈی ایمز ، مختلف محکموں کے سربراہان کے علاوہ متعلقہ اہلکار بھی میٹنگ میں موجود تھے۔