سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آکسیجن مینوفیکچرنگ پلانٹ رنگریٹھ انڈسٹریل اسٹیٹس اور صنعت نگر انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا اور افسران کو ہدایات دیں کہ کووڈ 19 سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے ۔آکسیجن مینوفیکچرنگ پلانٹس کے اپنے دورے کے دوران مشیر نے کہا کہ پلانٹوں کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت کو بروئے کار لانا چاہئیے کیونکہ طبی آکسیجن کووڈ کے خلاف ایک اہم ہتھیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مانگ کو مستقل بنیادوں پر پورا کیا جانا چاہئیے اور اس کی تیاری کو بڑھانا چاہئیے ۔ڈائریکٹر انڈسٹریز کشمیر نے آکسیجن جنریشن پلانٹوں کے کام کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایف سی آئی کے ساتھ مل کر آکسیجن جنریشن پلانٹ کو بحال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے روزانہ 500 آکسیجن سلینڈروں کا اضافہ ہو گا ۔مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ناکارہ پلانٹ کو کم سے کم وقت میں چالو کرنے کیلئے اپنی انتھک کوششیں کریں ۔ اس موقعہ پر مشیر نے ضلع انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ پلانٹوں کی دیکھ ریکھ کیلئے مناسب انتظامات کریں ۔ انہوں نے چیف انجینئر پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ پلانٹوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں تا کہ کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے اور ان یونٹوں کو ضروری بیک اپ فراہم کیا جائے ۔مشیر موصوف نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال اور کشمیر نرسنگ ہوم کا بھی دورہ کیا اور کووڈ مریضوں کو بستر کی گنجائش اور دیگر سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے مختلف ہسپتالوں میں ٹیلی میڈیسن کے کام کا بھی جائیزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ کال سنٹرز چوبیس گھنٹے کام کرنے چاہئیں تا کہ کووڈ کے علاوہ دیگر مریضوں کو بھی مناسب مشورے اور علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب رکھی جا سکے ۔ کمشنر ایس ایم سی نے سرینگر میں دو فلاح و بہبود مراکز کی تیاریوں کے بارے میں مشیر موصوف کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے کام کو جلد از جلد یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔