سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے عسکری کمانڈر زینت الاسلام کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے لہو کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا اورنہ ان قربانیوں کے ساتھ کسی کو غداری کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔گیلانی گذشتہ دنوں جاں بحق ہوئے عسکری کمانڈر کی یاد میں منعقدکی گئی ایک تعزیتی مجلس سے ٹیلیفونک خطاب کررہے تھے۔گیلانی نے مجوزہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ ہندنواز سیاسی پارٹیاں چاہے کوئی بھی مکھوٹا پہن کر آئیں سب کے سب بھارت کے مددگاروں کا کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عوام کے سامنے بجلی، پانی اور سڑک کے نام پر آتے ہیں اور اقتدار حاصل کرنے کے بعد بھارت کے مظالم کا جواز فراہم کرکے اپنے ہی لوگوں کا خون بہانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے۔ حریت رہنما نے قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لخت ہائے جگر کے مقدس لہو کی تحریم وتکریم کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے اس تحریک کو ذاتی مراعات اور مفادات کے عوض بیچ کھانے کی ناپاک کوششوں سے اجتناب کریں۔ گیلانی نے آپسی اتحاد واتفاق کو قائم ودائم رکھنے اور مسلکی منافرت کے ناسور سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف اجتماعی صف بندی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو ہر وقت برقرار رکھنے کی تاکید کی۔ حریت چیرمین نے سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے کیلئے اپیل کی کہ اپنے گھروں کے اندر اسلامی مزاج کو پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔