لکھن// آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے حیدرآبا دمیںآئندہ نو فروری سے منعقدہ اپنے تین روزہ اجلاس میں ماڈل نکاح نامہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولاناکلب جواد نے یو این آئی کو بتایا کہ نو، دس اور گیارہ فروری کو حیدرآبادمیں ہونے والی بورڈ کی میٹنگ کا ایک ایجنڈا ماڈل نکاح نامہ بھی ہے ۔مولانا جواد نے کہا کہ ماڈل نکاح نامہ کے مطابق دولہا کو نکاح نامہ میں تحریری یقین دہانی کرانی ہوگی کہ وہ بیوی کوایک بار میں تین طلاق نہیں دے گا۔ اس سلسلے میں بورڈ کے ایک دیگر رکن مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ ماڈل نکاح نامہ بورڈ کے اجلاس کے ایجنڈے میں ہے لیکن انہوں نے اس سلسلے میں کوئی تفصیل بتانے سے انکار کردیا۔ خیال رہے کہ بورڈ پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ ایک بار میں تین طلاق(طلاق بدعت) کو طلاق نہیں تسلیم کرتا ۔ اس کے لئے شریعت میں باقاعدہ طریقہ مقرر ہے ۔ بورڈ اس سلسلے میں بیداری مہم بھی چلا رہا ہے ۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں واضح لفظوں میں کہا تھا کہ ایک بار میں تین طلاق غیرآئینی اور قرآن کی تعلیمات کے خلاف ہے اور اس طرح دیا گیا طلاق قابل عمل نہیں ہوگا۔نریندر مودی حکومت نے ایک مرتبہ میں تین طلاق کے خلاف قانون کے لئے لوک سبھا میں ایک بل پیش کیا تھا ۔ یہ بل لوک سبھا میں منظور ہوگیا تھا لیکن راجیہ سبھا میں منظور نہیں ہوسکا ہے ۔ مسلم پرسنل لا بورڈ سمیت متعدد مسلم تنظیموں نیز خواتین کی تنظیموں نے بھی اس بل میں سزا کے التزام کی مخالفت کی تھی۔ خیال رہے کہ بل کے مطابق ایک مرتبہ میں تین طلاق دینے والے شوہر کو تین سال کی قیدکی سزا دی جاسکتی ہے او راسے اپنی بیوی کو گذار ہ بھتہ بھی دینا ہوگا۔یو این آئی