تھنہ منڈی // مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی کے سرپرست خورشید بسمل کی صدارت میں جمعرات 10 مارچ 2022 کو ٹرسٹ کے ، پروفیسر غلام رسول بچہ میموریل ہال میں بارہویں جماعت کے 14ویں بیچ کے طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت کلام الٰہی اور نعت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پروگرام کا آغاز ہوا۔اس کے بعد گیارہویں جماعت کی طالبہ افسانہ کوثر نے اپنے سینئر ساتھیوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے ساتھ گزرے ہوئے وقت کو گراں مایہ قرار دیا، ادھر سینئر کلاس کے طلبہ نے بھی اسکول انتظامیہ، اپنے محسنین اساتذہ اور تمام ساتھیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ صدر محفل خورشید بسمل نے جانے والے طلبہ کے خوشگوار مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کے لئے دعا کی۔ اپنے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں آنے والی تمام ممکنہ پریشانیوں سے آگاہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آپ محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنائیں۔ اپنے ناصحانہ انداز میں بسمل نے کہا کہ آپ اس ادارہ سے نکل کر میدان عمل میں جا رہے ہیں، آپ کو ملک کا ایک ذمہ دار شہری بننا ہے، اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے آپ کو بہت سے چیلینجز کا سامنا کرنا ہوگا تبھی آپ کامیاب بن سکیں گے کیونکہ جدید علوم پر دسترس اور عبور حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اگر آپ نے علم کے میدان میں تحقیق و جستجو پر توجہ مرکوز رکھی تو کامیابی و کامرانی آپ کے قدم چومے گی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے آپ کو جدید علوم اورسائنسی ایجادات کے بارے میں آگاہی پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی ہوگی۔اپنے اسٹاف کومبارکباد پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمہ جہت سرگرمیوں کا شاندار انعقاد اور اسکول کی جملہ کامیابی کا راز یہاں کے اساتذہ کی محنت، لگن اور شبانہ روز کاوشوں کی مرہون منت ہے۔ موصوف نے بچوں سے کہا کہ خوشی اور غمی کے ان ملے جلے لمحات میں ہمیں سنجیدگی سے اپنے روشن اور تابناک مستقبل کی فکر کرنی چاہئے تاکہ ہم ترقی کی منزلیں طے کر سکیں۔ اس شاندار تقریب میں تمام اساتذہ اور سینئر طلبہ نے شرکت کی- اسکول میں زیر تعلیم یتیم بچہ علی عباس چوہدری اور مسکان خان سال کے بہترین اسٹوڈنٹس قرار پائے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض افسانہ کوثر نے بحسن و خوبی انجام دئے۔ آخر میں ادارہ کے سینئر استاذ نثار احمد خان نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اس طرح دعائیہ کلمات اور بہترین مشروبات پر اس تقریب سعید کا اختتام ہوا۔