سرینگر//سکریٹری جمعیت علماء جموں وکشمیر اور شیری بارہمولہ کے مہتمم مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے طلاق ثلاثہ فیصلہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے مسلمانوں پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے اور یہ فیصلہ مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں حکومتی مداخلت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ہر صورت میں احکام الٰہی کا پابند ہے۔اپنے ایک بیان میں مولانا نے کہا کہ یہ انصاف کے نام پر عورتوں کے ساتھ ظلم کا راستہ ہموار کرے گا کیونکہ اگر کوئی مرد اپنی بیوی کو تین طلاق دیگر حق زوجیت سے جدا کردیتا ہے ،اس کو اگر چہ اسلام نے بے انتہاء ناپسند کیا ہے تاہم طلاق واقع ہوجاتی ہے اور اسلام نے دوران عدت اس عورت کا مکمل خرچہ طلاق دینے والے مرد کے ذمہ لازم قرار دیا ہے اب جبکہ موجودہ فیصلہ کی رو سے طلاق دینے والا قید ہوجائے گا، اس عورت کی کفالت کس کے ذمہ ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اب انصاف کے نام پر نانصافی نہیں تو اور کیا ہے کہ ایک طرف سے اس بے چاری کو طلاق لگ رہی ہے اور دوسرے طرف حکومت اس کو حق کفالت سے بھی محروم کر رہی ہے۔ مولانا قاسمی نے اس فیصلے کی منسوخی کامطالبہ کیا ہے۔