جموں// گوجر بکروال طبقہ کے لوگوں نے جمعہ کے روز یہاں جموں میں’گوجر بکروال دیش تحریک انصاف جموں‘نامی تنظیم کے بینر تلے احتجاج کیا۔ احتجاج کی قیادت کر رہے چوہدری نزاکت کٹھانہ نے بتایاکہ جموں صوبہ خاص طور سے کٹھوعہ، سانبہ، جموں اور اودھم پور کے اندر مسلمانوں کا قافیہ حیات تنگ کیاجارہاہے۔ انہوں نے بتایاکہ کٹھوعہ کی تحصیل ہیرا نگر کے گاؤں رسانہ میں 8سالہ معصوم خانہ بدوش بچی کے ساتھ عصمت ریزی اور قتل معاملہ کو دبانے کے لئے مسلمانوں کو تنگ طلب کیاجارہاہے۔ اس بچی کو انصاف دلانے کے لئے آواز بلند کرنے والے سماجی کارکن طالب حسین چوہدری کے خلاف منصوبہ بند سازش کے تحت جھوٹا مقدمہ درج کیاگیا، نیز پولیس تھانہ سانبہ کے اندر باہر سے مبینہ طورچند شرپسند غنڈے اندر گئے اور طالب حسین کی ہڈی پسلی ایک کر دی جوکہ انتہائی مضروب ہے۔ کٹھانہ نے کہاکہ کٹھوعہ آبروریزی وقتل معاملہ کو دبانے کے لئے یہ منصوبہ حرکت کی گئی۔انہوں نے کہاکہ سابقہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر مرفد شاہ نامی نوجوان کی ہلاکت، رام بن کے گول گلاب علاقہ میں مال مویشی کا کاروبار کرنے والے شخص کی فوج کی گولی سے ہلاکت جیسے واقعات سے جموں صوبہ کے مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ خطہ میں فرقہ وارانہ ماحول بنانے کے لئے فرقہ پرست طاقتیں سازشیں رچ رہی ہیں۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو قائم ودائم رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔یو این آئی
مسلمانان جموں کاقافیہ حیات تنگ کرنے کے خلاف احتجاج
