سوپور// میونسپل کونسل سوپور کے صدراورنائب صدر کاانتخاب عمل میں لانے کیلئے سنیچر کوووٹنگ عمل میں لائی گئی ۔جنوری2021سے خالی پڑے چیئرپرسن یاصدارتی عہدے کیلئے ہوئے مقابلے میں نیشنل کانفرنس سے وابستہ خاتون کونسلر مسرت رسول کار نے پی ڈی پی سے وابستہ کونسلر عرفان علی کوشکست دی۔مسرت رسول کار نے 12کونسلروں کے ووٹ حاصل کئے جبکہ عرفان علی کوصرف6کونسلروں کی حمایت ملی ،جن میںبھاجپا سے وابستہ کونسلرشامل ہیں ۔ ان انتخابات میں پی ڈی پی اوربی جے پی میں گٹھ جوڑ ہوا تھا اوردونوں پارٹیوں کے کونسلر ایک دوسرے کے نامزد کئے گئے امیدواروں کی حمایت کررہے تھے ۔نائب صدر عہدے کیلئے مقابلے میں نیشنل کانفرنس کے اُمیدوارمحمدیوسف رادئو نے بھاجپا سے وابستہ سابق کونسل صدر عبدالاحد کوچھ ووٹوں سے شکست دی ۔محمدیوسف رادئو کو12جبکہ عبدالاحد ملہ کوصرف 6ووٹ ملے ۔خیال رہے میونسپل کونسل سوپور میں صدر کاعہدہ جنوری 2021میں اُسوقت خالی ہوگیاتھا ،جب اُسوقت کے صدر عبدالاحدملہ کیخلاف لائی گئی عدم اعتمادکی تحریک منظور ہوئی تھی ۔اس سے قبل دسمبر2020میں کونسل کی 13خالی نشستوں کیلئے ہوئے ضمنی انتخابات میں این سی کے اُمیدواروں نے 10واڑوں میں جیت حاصل کی جبکہ ایک وارڈ سے پی ڈی پی اُمیدوار اورباقی2وارڈوں سے آزاداُمیدوارکامیاب ہوگئے تھے ۔میونسپل کونسل سوپورکی چیئرپرسن منتخب ہونے کے بعدمسرت رسول کار نے سبھی کونسلروں کاشکریہ اداکیا ۔انہوں نے کہا’’ ہم سب کوسوپور کے لوگوں نے بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے منتخب کیا ہے اوریہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یہاں کے لوگوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کریں‘‘ ۔کارکاکہناتھاکہ سوپور کے لوگوںکوصاف وشفاف ماحول فراہم کرنااُن کی اولین ترجیح ہوگی ۔