سرینگر/ضلع سرینگر کے سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر حسیب مغل نے سوموار کووضاحت کی کہ سرینگر میں مساجد اور اُن کے منتظمین کی فہرست تیار کرنے کا آرڈر ''نارمل پولیسنگ'' کا حصہ ہے۔
حسیب مغل نے کہا'' یہ صرف ڈاٹا کو اپڈیٹ کرنے کا عمل ہے۔ ہمارے پاس پہلے ہی گردواروں اور مساجد کی فہرست موجود ہے، یہ صرف نارمل پولیسنگ کا حصہ ہے''۔
اس سے قبل سرینگر کے پانچ زونوں کے پولیس سپر انٹنڈتوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود مساجد کی فہرست تیار کرکے اُسے اعلیٰ حکام کو سونپ دیں۔
اس سلسلے میں سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس، سرینگر کی طرف سے سبھی زونل ایس پیز کے نام ایک آرڈر میں بتایا گیا ہے''مہربانی کرکے اپنے اپنے علاقوں میں موجود مساجد اور اُن کے منتظمین کی فہرست تیار کریں تاکہ اُسے اعلیٰ حکام کو سونپ دیا جائے''۔
مذکورہ آرڈر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا ہے جس کی وجہ سے اُن افواہوں کو تقویت ملی ہے جو ریاست کی خصو صی پوزیشن کو ختم کرنے کے سلسلے میں گشت کررہی ہیں۔