یوزی لینڈ کی حکومت نے مارچ 2019 میں کرائسٹ چرچ شہر کی دو مساجد میں ہونے والے دہشت گردی کے بدترین واقعے کی اعلیٰ تفتیشی رپورٹ عام کردی۔تقریبا 800 صفحات پر مشتمل انگریزی رپورٹ کو 10 ابواب میں شائع کیا گیا اور جلد ہی اردو سمیت دنیا کی دیگر 12 زبانوں میں بھی شائع کرکے عام کردیا جائے گا۔مذکورہ رپورٹ نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے اس بدترین واقعے کی تفتیش کے لیے بنائی گئی خصوصی تفتیشی کمیشن ’رائل کمیشن‘ نے جاری کی۔کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پرآسٹریلوی نڑاد سفید فارم دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ نے 15 مارچ 2019 کو حملہ کرکے 51 نمازیوں کو شہید جب کہ متعدد کو زخمی کردیا تھا۔سفاکانہ دہشت گرد کو اسی دن نیوزی لینڈ پولیس نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ مبینہ طور پر تیسری مسجد پر حملے کے لییآگے بڑھ رہا تھا۔اگلے ہی روز دہشت گرد پر الزامات عائد کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی تھی اور ایک سال تک قانونی کارروائی چلنے کے بعد رواں برس 27 اگست کو اسے نیوزی لینڈ کی تاریخ کی بدترین سزا سنائی گئی تھی۔