سرینگر//جماعت اسلامی نے وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہانہ نشست میں امیر جماعت ڈاکٹر عبدالحمید فیاض مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جماعت کی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ جماعت اس دیرینہ انسانی مسئلے کو پرامن ذرائع کے ذریعے جموں وکشمیر کے جملہ عوام کی اْمنگوں کے مطابق حتمی طور پر حل کرانے کی خواہش مند ہے اور ہمیشہ سے اس بات پر زور دیتی آئی ہے کہ اس مسئلے کو یا تو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق یا سہ فریقی مذاکرات کے انعقاد سے عوام کی خواہشات کے مطابق حتمی طور پر حل کیا جائے تاکہ جنوب ایشیا کے اس عظیم خطے میں بسنے والے کروڑوں لوگ غیر یقینی صورتحال سے نجات پاکر امن و سلامتی کے ساتھ دنیوی زندگی بسر کرسکیں۔ انہوں نے وادی کے طول و عرض میںسرکاری فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کو ہراساں کرنے اور انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا شکار بنانے کی کارروائیوں کو انسانی حقوق کی صریح پامالی قرار دیتے ہوئے ان پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان پامالیوں کو رْکوانے کی خاطر مو ثر اور ٹھوس اقدامات کریں۔میٹنگ میںدعوتی اْمور اور تنظیمی استحکام کے علاوہ وادی کے موجودہ حالات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس موقعے پر امیر جماعت نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ دعوتی سرگرمیوں کو تنظیم کے دستوری طریق کار کے عین مطابق آگے بڑھانے کی خاطر عوامی اجتماعات اور رسل و رسائل کے جدید ذرائع کا بھر پور استعمال کیا جائے اور عوام الناس کو اسلامی تعلیمات اور احکامات سے روشناس کرایا جائے۔