سرینگر// تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رجب طیب اردگان کا مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ جموں کشمیر کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہے اور کہا کہ ترکی کے صدر نے جموں کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی اور نہتے کشمیریوں کی خون ریزی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کے حوصلے اور ہمت میں اضافہ کردیا۔ صحرائی نے کہا کہ 70برسوں سے جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط سے نجات حاصل کرنے کیلئے جموں کشمیر کے عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور متنازعہ مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں قراردادیں موجود ہیں، مگر اقوامِ متحدہ نے بھی اس دیرینہ اور متنازعہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا، جس کی وجہ سے جموں کشمیر کے عوام کو آج تک لاکھوں کی شہادت کی صورت میں قیمت چکانا پڑی۔ صحرائی نے ترکی صدر رجب طیب اردگان کو عالم اسلام کی عظیم شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ رجب طیب اردگان کو عالمی سطح پر ایک راہنمایانہ رول ہے اور وہ مظلوم ومحکوم قوموں کے حق میں آواز بلند کررہے ہیں۔ جموں کشمیر کے عوام رجب طیب اردگان کی طرف مظلوم ومحکوم قوم کی حمایت کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ مظلوم ومحکوم قوم کیلئے عالمی فورموں میں ترجمانی کرتے رہیں گے۔