نئی دلی// بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی چین کی پیش کش مسترد کردی تاہم پاکستان کے ساتھ بات چیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ گزشتہ روز چین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش کی تھی۔نئی دلی میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال بگلے نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ ایک مخصوص ملک سے سرحد پار دہشت گردی کی جا رہی ہے جس سے خود اْس ملک، خطے اور دنیا کے امن و استحکام کو خطرہ ہے، لیکن ہم دو طرفہ فریم ورک کے تحت پاکستان سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کا بیان اس جانب واضح اشارہ ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر امور پر مذاکرات چاہتا ہے۔