سرینگر//فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے جموںو کشمیر سے متعلق ان کے حالیہ بیان کو گنجلک اور نشہ قوت کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک جانب پاکستان سے مسئلہ کشمیر سے متعلق مذاکرات کرنے کاراگ الاپا جارہا ہے اور دوسری طرف ریاست کی متنازعہ حیثیت سے متعلق وہی بے وقت کی راگنی چھیڑ کر ایک مضحکہ صورتحال کو پیدا کیا جارہا ہے ۔شبیر احمد شاہ نے سوال پوچھا کہ اگر بقول بھارتی وزیر خارجہ کے مطابق کشمیر بھارت کا "" اٹوٹ انگ ""ہے تو پاکستان سے کس معاملے پر بات ہوگی اور اگر متنازعہ ہے اور حقیقت بھی وہی ہے تو سبھی فریقین اور چین سمیت کسی اور ملک کی مداخلت سے ڈر اور خوف کس بات کے لئے ۔انھوں نے کہا کہ اگر بھارتی حکام اٹوٹ انگ کی راگ الاپنے پر بضد ہیں تو اس سے یہ صاف اشارے ملتے ہیں کہ بھارت ریاست کی متنازعہ حیثیت سے متعلق کسی بھی بات چیت سے منکر ہیں اور یوں برصغیر کو جنگ کی بٹھی میں تبدیل کرنے کے لئے بھارت ہی ذمہ دار ہے ۔شبیرشاہ نے بھارتی رہنمائوں کے اس متضاد رویہ کو ان کے کمزور موقف سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اصل صورت حال یہ ہے کہ بھارت کے پاس ریاست پر جاری جبری قبضے کے لئے کوئی دلیل نہیں اور ریاست کے لوگ گزشتہ 71برسوںسے جاری مطالبہ آزادی کے دوران اس بات کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ انہیں اسی طرح اپنے مستقبل سے متعلق فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے جس طرح تقسیم ہند کے وقت متحدہ ہندوستان کی550چھوٹی ریاستوں کو دیا گیا تھا ۔ادھر شبیر احمد شاہ نے معرکہ رڈپورہ بڈگام میں شہید ہوئے نوجوان شہید عاقب گل کے والدین سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے مشن کے امین ہے اور حصول مقصد تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔دریں اثناء شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر ایک وفد مولوی بشیر احمد شاہ کی قیادت میں رڈبگ اور گوری پورہ گئے اور شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔