سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پاکستانی فوجی سربراہ کاحالیہ بیان جس میں انہوں نے بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کی وکالت کی ہے،دونوں ممالک کیلئے دشمنی کو ایک طرف رکھنے اورمسئلہ کشمیر کادیرپا حل ڈھونڈ نکالنے کا بہترین موقعہ ہے۔ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا،’’پاکستان اور بھارت کیلئے ایک بہترین موقعہ ہے کہ وہ دشمنی کو ایک طرف رکھیں اورمسئلہ کشمیر کا پائیدارحل تلاش کریں‘‘۔وہ پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جواد باجوہ کے اس بیان کہ بھارت اور پاکستان کو ماضی کودفن کرکے آگے بڑھنا چاہیے،پرردعمل کااظہار کررہی تھیں۔محبوبہ نے مزیدکہاکہ ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کیلئے دونوں ملکوں کا فوجی بجٹ کافی بڑاہوتا ہے اوران وسائل کوعام آدمی کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔