سرینگر // جموں کشمیر انتظامیہ نے منگل کومزید دو ٹیچر نوکری سے برطرف کئے اس طرح تین روز کے اندر تعداد 6تک پہنچ گئی ہے ،جن میں 4خواتین ٹیچر شامل ہیں۔منگل کو جن دو خواتین ٹیچروں کو برطرف کیا گیا وہ 5سال سے زائد عرصے سے غیر حاضر ہیں۔ دونوں کی برطرفی کے احکامات دفعہ 113آف جے اینڈ کے سیول سروسز رولز (والیوم ایک) آف 1956کے تحت صادر کئے گئے ہیں۔جمیلہ اختر ٹیچر بائز ہائی سکول سنگھ پورہ اننت ناگ اورنگہت حسین ٹیچر بائز مڈل سکول صور سرینگر کو نوکری سے بر خواست کیا گیا ہے۔جمیلہ اختر ستمبر 2014سے جبکہ نگہت اختر یکم ستمبر 2012 سے ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ہیں۔یاد رہے کہ21نومبر کو 4ٹیچروں کو اسی طرح کی صورتحال کے پیش نظر برطرف کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی ٹیچروں سمیت درجنوں سرکاری ملازمین نوکریوں سے بر خواست کئے جاچکے ہیں۔