مزید خبریں

اپنی پارٹی نے پلوامہ بلدیاتی انتخابات جیتنے والوں کی عزت افزائی کی | لوگوں کی فلاح وبہبودی کے لئے ہمیشہ انتھک کام کریں گے:الطاف بخاری

سرینگر//اپنی پارٹی نے بدھ کے روز پارٹی اُمیدواروں جنہوں نے پلوامہ ضلع سے حالیہ میونسپل انتخابات میں جیت درج کی، کی یہاں منعقدہ ایک تقریب کے دوران عزت افزائی کی ۔ فاتحین میں وارڈ نمبر بی ملک پورہ سے بلال احمد راتھر، وارڈ اے ڈالی پورہ سے شبیر احمد وانی، وارڈ اے ملک پورہ سے رخسانہ اختر اور پلوامہ قصبہ کے چھت پورہ سے غلام محمد شامل ہیں ،جن کاپارٹی دفتر پر لیڈرشپ نے والہانہ استقبال کیا۔ پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری، پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، صوبائی سیکریٹری عبدالرشید ہارون، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون، ڈاکٹر سمیع اللہ اور جاوید احمد میر نے پھولوں کی مالائیں پہنا کر اُن کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری نے شہری بلدیاتی اداروں کے فاتحین کو تاکید کی کہ وہ لوگوں کی فلاح وبہبود ی کے لئے متعلقہ وارڈوں میں کام کریں گے۔ بخاری نے پلوامہ قصبہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی پارٹی کو ووٹ دیکر اپنا اعتماد جتایا۔ انہوں نے کہا’’میں پلوامہ ضلع کے باشندوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جوپیار ومحبت آپ نے دی ہے، اِس کا جواب آپ کے لئے آسانیاں پیدا کر کے اور مشکلات کو حل کر کے دیاجائے گا ‘‘۔جیتنے والوں نے اُمیدظاہر کی ہے کہ اپنی پارٹی چند آزاد اُمیداوروں جنہوں نے بلدیاتی انتخابات جیتے ہیں، کے تعاون سے قصبہ پلوامہ میں میونسپل کونسل تشکیل دے گی۔ انہوں نے عوام کو بااختیار بنانے کے مقصد سے پارٹی کے سماجی واقتصادی ایجنڈے کو فروغ دینے کے لئے پارٹی قیادت کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایااور کہاکہ وہ عوامی بہبود کے لئے ہمیشہ کام کرتے رہیں گے، اپنی پارٹی کے عوام دوست ایجنڈے کو ضلع پلوامہ کے اطراف واکناف میں پہنچایاجائے گا تاکہ لوگ فرق محسوس کر سکیں۔
 
 
 
 
 
 

نتائج اطمینان بخش،بھاجپا کیلئے چشم کُش:غلام احمد میر

اننت ناگ //عارف بلوچ// پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمد میر نے ڈی ڈی سی انتخابات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج سے جو تصویر سامنے آئی ہے اُس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھاجپا نے جو فیصلہ 5اگست کوکیا اُس کو آج عوام نے ڈی ڈی سی انتخابات میں ووٹ کے ذریعے اسکا جواب دیا ہے ۔ ویری ناگ میں ڈی ڈی سی چنائو میں کامیاب اُمیدواروں کے حق میں منعقد کئے گئے جلسہ کے حاشیئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے میر نے کہا کہ بی جے پی نے ڈی ڈی سی چنائو میں جتنی سرمایہ کاری کی اور اپنی غلط بیانی سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اُس کا جواب یہاں کے عوام نے ووٹ کے ذریعے دیا جو کہ ایک بڑی سگنل ہے مرکز میں بیٹھنے والے لوگوں کے لئے ۔میر نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے ایجنڈے کے مطابق کام کرتے رہے گی ۔
 
 
 

ٹنگمرگ :کامیاب امیدواروں کے گھروں میں لوگوں کاتانتا

مشتاق الحسن 
 ٹنگمرگ//ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں ’اپنی پارٹی‘ نے ٹنگمرگ اور کنزر سیٹ پر جیت درج کرلی ۔  دن بھر ہزاروں لوگوں نے ایڈوکیٹ میر تجمل اشفاق ساکنہ ہری اوٹنو  اور نزیر احمد شیخ ساکنہ گوکہامہ کنزر کے گھر جاکر انہیں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی ۔اپنی پارٹی کے دونوں کامیاب امیدواروں نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب ہی سب ڈوثرن گلمرگ میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی اور تعمیر وترقی دونوں کے لیے اولین ترجیح ہوگی۔ادھر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے بھی ٹنگمرگ کے میر تجمل اور کنزر کے نزیر احمد شیخ کو ڈی ڈی سی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی ۔ اپنی پارٹی کے دونوں امیدواروں نے اپنے مدمقابل گپکاراتحاد کے امیدواروں کو شکست دیکر جیت درج کرلی ۔
 
 
 

انجینئر رشید کوقید میں رکھنا بزدلی:عوامی اتحاد پارٹی 

سرینگر // عوامی اتحاد پارٹی نے حال ہی میں ہونے والے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات کو گجرات اور گپکار کے مابین طے پانے والے معاہدے کی ایک مثال قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران بھی انجینئر رشید سلاخوں کے پیچھے تھے ۔پارٹی کے ترجمان  شیبان عشائی نے نئی دہلی سے سوال کیا کہ جو لوگ یہاں چین کی مداخلت چاہتے ہیں یا وہ لوگ جو ہندوستان کا جھنڈا اُٹھانا نہیں چاہتے ہیں وہ کھلے ہیں او ر انجینئر رشید بند ہے، آخر اس کی غلطی کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انجینئر رشید سلاخوں کے پیچھے بند ہیں اور گجرات اور گپکار گینگ معمول کی طرح اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں ہر ایک اس حقیقت کو جانتا ہے کہ نئی دہلی میں اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ کی موجودگی میں یہاں انتخابات کا انعقاد کرنے کی ہمت نہیں تھی ۔انہوں نے کہا کہ اگر انجینئر رشید آزاد ہوتے تو پورے کشمیر بلخصوص شمالی کشمیر میں انتخابات کا رجحان ہی الگ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ گپکار اتحادنے انتخابات میں جان بوجھ کر پراکسی امیدوار ایک معاہدے کے تحت میدان میں اتارے ۔ 
 
 
 

آزادامیدواروں کی جیت | کانگریس،نیشنل اور پی ڈی پی کو رد کئے جانے کا مظہر :بھاجپا

سرینگر//ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میںآزاد امید واروں کی بڑے پیمانے پر جیت سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ جموںکشمیر کے عوام نے کانگریس اور پی ڈی پی کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ان باتوں کا اظہار بی جے پی کے جموں کشمیر انچارج ترون چگھ نے کیا ۔ انہوں نے کہا، ’’ گپکار گینگ ‘‘ اپنی ساخت کھو چکی ہے اور عوام کا ان پر اعتماد اٹھ چکا ہے ۔ ادھر بی جے پی کے جنرل سیکرٹری رام مادھو نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں جیت مرکزی سرکار کی پالیسوں کا نتیجہ ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل چنائو کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی کے جموں کشمیر انچارج ترون چگھ نے کہا کہ جموں کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات میں آزاد امیدواروں کی جیت سے یہ بات سامنے ہوئی ہے کہ جموں کشمیر کے عوام نے مقامی سیاسی پارٹیوں کو یکسر مترد کر دیا ہے جبکہ محبوبہ مفتی جو کہہ رہی تھی کہ میںجموں کشمیر میں ترنگا نہیں لہرائوں گی اس کو بھر پور جواب مل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں آزاد امید واروں اور بی جے پی نے مل کر 52فیصدی سیٹوں پر قبضہ جما لیا ہے اور اس بات سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ گپکار گینگ کو لوگوں نے مکمل طور پر مستر دکردیا ہے اور کہا کہ انہوں نے جموں کشمیر میںاپنی ساخت مکمل طور پر کھو دی ہے ۔ اسی دوران بی جے پی کے جنرل سیکرٹر ی رام مادھو نے کہا کہ جموں کشمیر میں پہلی مرتبہ  ڈی ڈی سی انتخابات کا انعقاد جموں کشمیر میں مرکزی سرکار کی پالیسوں کی جیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لیکر اپنی شرکت یقینی بنائی جس کیلئے وہ مبارک باد کے مستحق ہے ۔
 
 
 
 

گرینیڈ دھماکے اور دھمکی آمیز پوسٹر | ترال اور اونتی پورہ کے 6نوجوان گرفتار

ترال// سید اعجاز//پولیس نے ترال میں گرینیڈ پھینکنے اور انتخابات کے دوران دھمکی آمیز پوسٹر چسپاں کرنے کی پاداش میں6 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس ، 42 آر آر اور سی آر پی ایف کی 180 بٹالین نے جیش محمدکے اعانت کاروں کے ایک نیٹ ورک کو طشت از بام کیا جو ضلع اننت ناگ کے سنگھم اور ترال علاقے میں گرینیڈ پھینکنے کے واقعات میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ جنگجو اعانت کاروں کا پاکستانی ہینڈلرس کے ساتھ رابطہ تھا اور وہ حال ہی میں سیکورٹی فورسز پر ہونے والے گرینیڈ حملوں میں ملوث ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار شدگان ڈی ڈی سی انتخابات کے دوران ترال میں دھمکی آمیز پوسٹرس چسپاں کرنے میں بھی ملوث ہیں۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت اعجاز احمد بٹ ساکن لرو ترال، محمد امین خان ساکن ہنڈورہ ترال، عمر جبار ڈار ساکن واگڈ ترال، سہیل احمد بٹ ساکن ڈوگری پورہ اونتی پورہ، سمیر احمد لون ساکن ڈار گنائی گنڈ ترال اور رفیق احمد خان ساکن ہنڈورہ ترال کے بطور کی۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے دھماکہ خیز مواد کے علاوہ کچھ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد ہوا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ترال میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
 
 
 
 

فتح گڑھ بارہ مولہ کا طالب علم 20دسمبر سے لاپتہ | اہلِ خانہ تشویش میں مبتلا

فیاض بخاری
بارہمولہ//ناروائوفتح گڈھ بارہ مولہ کاایک طالب علم کشمیریونیورسٹی سے واپسی کے دوران پراسرار طور لاپتہ ہوگیا ہے،جس کی وجہ سے اُس کے اہل خانہ میں تشویش پیدا ہوئی ہے اور انہوں نے اپنے بیٹے کو گھر واپس آنے کی اپیل کی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ناروائو بارہ مولہ کا 24برس کا ایم ایس سی سکینڈ ائر کاطالب علم ثاقب اشرف لون ولدمحمد اشرف لون 20دسمبر سے لاپتہ ہے۔بتایا جاتا ہے کہ وہ گھر سے کشمیر یونیورسٹی گیاتھا لیکن واپسی پر وہ گھر نہیں پہنچا اور اس کا فون بھی بند آرہا ہے ۔اہل خانہ کے مطابق انہوں نے اپنے لخت جگر کوہر ممکن جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں چلا۔ اہل خانہ نے مزید کہا ہے کہ انہوںنے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شیری میں گمشدگی رپورٹ بھی درج کرلی ہے۔ اہل خانہ نے اپنے بیٹے سے فوری واپس آنے کی اپیل کی ہے۔
 
 
 

نورباغ سوپور کامحاصرہ، گھرگھرتلاشی

غلام محمد
سوپور//حفاظتی دستوں نے بدھ کی شام کو سوپور کے نورباغ علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کی۔ اطلاعات کے مطابق 22 راشٹریہ رائفلز، جموں کشمیرپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف کی ٹکڑیوں نے مشترکہ طور نور باغ کامحاصرہ کیااور گھر گھر تلاشی لی۔اس دوران پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد یہ آپریشن شروع کیاگیا۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی جاری تھی۔
 
 
 
 
 

کووِڈ کے نئے روپ نے برطانیہ اور یورپ میں تباہی مچادی | بدلی ہیت کا کورونا وائرس ٹیکہ کی تاثیر کومتاثر کرسکتا ہے :ڈاک

سرینگر//بدلی ہوئی ہیت کے نئے کوروناوائرس کے برطانیہ میں ظاہر ہونے اور اس کے دیگر ممالک میں پھیلنے کے بعد ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے بدھوار کو کہا کہ ممکن ہے کہ بدلی ہوئی ہیت کاوائرس کووِڈ- 19کے ٹیکہ کی تاثیر کوکم کرے گا۔ڈاکٹر س ایسوسی ایشن کے صدر،ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا کہ جب کہ یہ پیش بینی کی جارہی ہے کہ ٹیکہ کی تاثیر بدلی ہوئی ہیت کے نئے وائرس سے معنی خیزاندازمیں کم نہیں ہوگی ،نیاوائرس،کووِڈ  – 19کے اصلی وائرس کیلئے بنائے گئے ٹیکہ کی تاثیرسے مدافعتی نظام کے ردعمل سے بچ کر نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ،’’بدلی ہوئی ہیت کے کوروناوائرس نے برطانیہ میں تباہی مچادی ہے اوراُس ملک کو سخت ترین لاک ڈائون نافذ کرنے کو مجبور کیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا ،’’ VUI-202012/01کے نام سے موسوم کئے جانے والا نیابدلی ہوئی ہیت کاوائرس،پہلے قسم کے کوروناوائرس سے زیادہ وبائی ہے۔ڈاک صدر نے کہا کہ نیا وائرس 14بدلی ہوئی حالتوں میں پایا جاتا ہے ،جو انسانی خلیوں میں داخلہ پاتاہے۔انہوں نے کہا کہ وائرس کے جینیاتی سلسلے میںیہ معنی خیزتبدیلی ہے اور اس سے وائرس کونیا فائدہ ہواہے۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ کووِڈ- 19ٹیکہ جسم میں ضدجراثیم بناتا ہے جووائرس کوناکارہ بناتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جبکہ وائرس نے اب ہیت بدلی ہے یہ ٹیکہ کے ذریعے بنے ہوئے ضد جراثیم سے بالقوی بچ کر نکل سکتا ہے۔بدلی ہوئی ہیت کے وائرس کوروکنے میں ناکامی ،اصلی وائرس کا توڑ کرنے کیلئے بنائے گئے ٹیکہ کے فوائد کو محدود کرسکتا ہے.۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ- 19سے طویل مدت تک نجات حاصل کرنے کیلئے ، لازمی ہوگا کہ ٹیکوں میں بدلنے والے کئی قسم کے وائرس سے تحفظ کیلئے مصنوئی تکوینیات شامل ہوں۔ ڈاکٹر نثار نے کہاکہ حالیہ برسوں میں یہ حکمت عملی معمولاًانفلنزاکے خلاف ٹیکوں میں عمل میں لائی جاتی ہے ۔بدلی ہوئی ہیت کے کوروناوائرس نے برطانیہ اور دیگر یوروپی ممالک میں پہلے ہی تباہی مچادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ بدلی ہوئی ہیت کے وائرس پہلے ہی بھارت سمیت دیگر ممالک میں داخل ہوچکے ہوں اور ہمیں انتظار کرنا ہوگا کہ کب یہ آہستہ سے ظاہر ہوگا۔
 

جموں کشمیرمیںخواتین اور بچوں کے بہبودی پروگرام | مشیر فاروق خان نے مرکزی وزیر کوپیش رفت سے آگاہ کیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے سول سیکرٹریٹ میں ایک ورچیول میٹنگ میں شرکت کی جس کی صدارت مرکزی وزیر برائے اطفال و خواتین بہبود محکمہ سمرتی ایرانی نے کی۔ نئی دہلی سے سمرتی ایرانی  یہاں وزارت کی مختلف سکیموں کی کارکردگی اور ان کی عمل آوری کا جائزہ لے رہی تھی۔میٹنگ میں کوالٹی، معیار کو یقینی بنانے اور ٹی ایچ آر کی جانچ ، آیوش طریقوں کو مربوط کرنے ، ضلعی سطح پر واحد نوڈل آفس کی ضرورت اور نگرانی کی خدمات میں مقامی شراکت داروں کو شامل کرنے سے متعلق دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مرکزی وزیر نے مرکزی معاونت والی سکیموںبشمول آنگن واڑی مراکز ، آئی سی ڈی ایس ، خواتین ہیلپ لائنز ، مہیلا شکتی کیندر وغیرہ میں سہولیات اور بنیاڈی ڈھانچہ شامل ہیں ، کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خواتین اور اطفال کے لئے بڑے پلیٹ فارم کی فراہمی کے ذریعے موجودہ سکیموں کو مستحکم کرنے اور نئے اِقدامات متعارف کرانے کے لئے کہا۔مشیر نے تمام سکیموں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے چیئر کو خواتین اور اطفال کی ترقی اور تحفظ کے لئے یو ٹی اِنتظامیہ کے ذریعہ کئے جانے والے اِقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔مرکزی وزیر نے یوٹی اِنتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور وزارتِ خواتین کی تمام مرکزی معاونت والی سکیموں پر مکمل عملدرآمد میں تیزی لانے کے لئے وزارت برائے خواتین و اطفال بہبود کی طرف سے پوری مدد دینے کا یقین دِلایا۔مشیر نے چیئر کو یقین دہانی کرائی کہ یوٹی اِنتظامیہ خواتین اور اطفال کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ محکمہ کی ترقیاتی سکیموں اورپروگراموں کی تیز ترعمل آوری میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
 

اخراجات میں شفافیت | اسکول اور تعلیمی انتظامی دفاتر پبلک فائنانشل منیجمنٹ سسٹم میں رجسٹر

جموں//جموں وکشمیریونین ٹریٹری عوامی اَخراجات میں شفافیت لانے کے مقصد کے ساتھ پبلک فائنانشل مینجمنٹ سسٹم( پی ایف ایم ایس ) پر سماگراہ شکھشا کے تحت تمام سکولوں اور تعلیمی اِنتظامی دفاتر کو رجسٹر کرنے والے ملک کی چند یونین ٹریٹریوں میں سے ایک بن گئی ہے ۔اِس شاندار کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہاکہ موجودہ اِنتظامیہ عوامی خدمات میں شفافیت لانے اور ای ۔گورننس سسٹم کی طرف آہستہ آہستہ منتقل ہونے کے لئے پُر عزم ہے ۔مشیر بھٹناگر نے کہا کہ پی ایف ایم ایس کے ذریعہ ہر طرح کے فنڈ فلو میکانزم بہت منصفانہ ہوں گے جس سے گرانٹس کی بد اِنتظامی کے امکانات کو کم کیا جائے گا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت وزیر اعظم کے مشن’’ڈیجیٹل اِنڈیا‘‘کی تکمیل کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹری سکول ایجوکیشن بی کے سنگھ نے انکشاف کیا کہ جموں و کشمیر کے زائد از 23,000 سرکاری سکولوں اور سماگراہ شکھشاکے تحت گرانٹ اِن اَیڈ حاصل کرنے والے سی ای او ز، ڈی آئی ای ٹس اور زیڈ ای اوز کے دیگر تعلیمی اِنتظامی دفاتر کو پی ایف ایم ایس پورٹل پر رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے حکومت ہر سطح پر سماگراہ تعلیم کے تحت رجسٹرڈ تمام سکولوں کے فنڈ فلو اور اَخراجات کی نگرانی کرسکے گی ۔بی کے سنگھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اَب محکمہ میں ہر قسم کا مالی لین دین پی ایف ایم ایس کے ذریعے کیا جائے گا۔ پی ایف ایم ایس پر سماگراہ شکھشا کا آن بورڈنگ عوامی اَخراجات میں شفافیت اور احتساب لانے کا سنگ میل ہے۔سماگراہ شکھشا جے اینڈ کے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ارون منہاس نے کہا کہ مختلف مشکلات اور رابطوں کے مسائل کے باوجود تکنیکی ٹیم نے سرکاری سکولوں اور دیگر تعلیمی اِنتظامی دفاتر کی 100 رجسٹریشن کا کام مقررہ وقت پر مکمل کیا۔ڈاکٹر منہاس نے اعلیٰ حکام کا شکریہ اَدا کیا جنہوں نے اس کام کو کامیاب بنانے میں ہر طرح کا تعاون دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد اِنتظامی کومالی نظام کی پیش رفت کا پتہ لگانا بہت آسان ہوگا ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
اے آر میوزک سٹیڈیو کے ڈائریکٹر 
جان نثار لون لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی
جموں /نیوز ڈیسک// ائے آر میوزک سیڈیو ممبئی کے میوزک ڈائریکٹر اور پرڈیوسر  جان نثار لون نے راج بھون میں لفٹنٹ گورنر منوج سنہار سے ملاقات کی۔ لفٹنٹ گورنر اور جان نصار نے میوزک انڈسٹری میں جموں و کشمیر کے ہر کو آگے لانے کے موضوع پر تفصیلی بات چیت کی۔جموں و کشمیر میں کافی ہنرموجود ہیں ۔ لفٹنٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان کسی سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو اپنا ہنر دیکھانے کیلئے مواقوں کی ضرورت ہے اور جموں و کشمیر سرکار ان کو مواقعے فراہم کرنے کیلئے کئی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ سرکار یہاں کے نوجوانوں کو قومی اور بین القومی سطح پر اپنا ہنر دیکھانے کیلئے مواقعے فراہم کرے گی۔ لففٹنٹ گورنر نے میوزک ڈائریکٹر کو نوجوانوں کے ہر کو آگے لانے کیلئے ہر ممکم مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ 
 
 
 
دھریج گپتا نے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹوں اور دیگر
 متعلقہ کاموں کی تعمیر پر جاری کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا 
جموں//پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا نے مختلف سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹوں اور دیگر متعلقہ کاموں پر جاری پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ یہ کام یو ای ای ڈی محکمہ دیوکہ اودھمپور، دریائے توی کے کناروں ، جھیل ڈل کے کناروں اور سرینگر میں برارِ نمبل میں سرانجام دے رہا ہے ۔ انہیں متعلقہ حکام نے کاموں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے جموں اور سرینگر کی میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنروں کو فوری طور گندھے پانی کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹوں پر کام ہاتھ میں لینے کیلئے کہا ۔ کمشنر جے ایم سی کو کوٹ بلوال میں کوڑا ذخیرہ کرنے کی جگہ کو فوری طور چالو کرنے کیلئے کہا ۔ دریں اثنا یو ٹی میں گندھے پانی کی ٹریٹمنٹ پلانٹوں کو معقول طور چالو کرنے اور اُن کے پانی کو پارکوں ، باغوں وغیرہ میں استعمال کرنے سے متعلق مختلف پروجیکٹوں کیلئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں کمشنر جے ایم سی ، چیف انجینئر یو ای ای ڈی ، ڈائریکٹر محکمہ بلدیات ، وائس چئیر مین لاوڈا ، سپیشل سیکرٹری ایچ یو ڈی ڈی ، ایڈیشنل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی موجود تھے جبکہ کمشنر ایس ایم سی اور ڈائریکٹر محکمہ بلدیات کشمیر نے میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی ۔ 
 
 
پلوامہ میں نفسا فہرست کا جائزہ لیا گیا 
مستحقین سے ناانصافی ناقابل برداشت:ترقیاتی کمشنر 
سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگرنے ضلع میں نفسا کے تحت مستحق اور غیر مستحق افرادکی فہرست کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی۔انہوں نے کہا کہ دوبارہ توثیق کا عمل بہت ضروری ہے کیونکہ نفسا کی فہرست سے غلط فائدہ اٹھانے والوں کے بارے میں عوامی سطح پر مطالبہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پتہ چلا ہے کہ بہت سے سرکاری ملازمین ، کاروباری افراد اور جاگیردار AAY اور PHH زمرے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نااہل گھرانوں کا خارج کرکے اہل گھرانوں کواپنے اپنے زمرے کی فہرست میں شامل کرلیا جائے۔ڈی ڈی سی نے کہا کہ فہرست کو عام کرنے سے قبل اضافی احتیاط کو برتا جارہا ہے اور شکایات کے ازالے کے لئے ایک مناسب طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ مساوات اور جامع طرز حکمرانی کے لئے پرعزم ہے اور لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کو کسی بھی معاملے کی اطلاع دیں۔دریں اثنا ، نااہل کنبوںکو فہرست سے ختم کرنے کے لئے ایک تین درجے کی کمیٹی تشکیل دی گئی اورنفسا کے معیار کے مطابق اہل کنبوں کو شامل کیا گیا۔اجلاس میں ضلع کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
 
 
کسانوں کا عالمی دن
 علاقائی دیہاتی بنک نے فلاحی پروگرام کا انعقاد کیا
سرینگر //کسانوں کے عالمی دن پر علاقائی دیہاتی بنک نے فلاحی پروگرام کا انعقاد کیا ۔کولگام کے کدر علاقے میں اس دن کی مناسبت سے علاقائی دیہاتی بینک نے ایس بی آئی لائف انشورنس کمپنی کے اشتراک سے کسان ویلفیئر پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام میں کسانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین ای ڈی بینک ارشاد الاسلام نے دور دراز دیہاتوں میں کاشتکاروں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے علاقائی دیہی بینکوں کے کام کاج پر مفصل روشنی ڈالی۔انہوں نے بینکوں میں جدید بینکاری کی سہولیات اور ٹیک مصنوعات کی دستیابی سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ بینکوں سے کے سی سی لون حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو وزیر اعظم کسان اسکیم کے تحت مالی امداد فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بینک کسانوں کو فصلوں کو تیار کرنے اور ان کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے انشورنس کی سہولیات بھی فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقی دیہاتی بینک برانچ ہر  دیہات میںہیں جوکسانوں اور عام دیہاتیوں کو فوری طور پر مفت مالی خدمات مہیا کررہی ہے ۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ انہیں ان کو ان بینک شاخوں کا دورہ کر کے مختلف قرضوں اور انشورنس سہولیات کیلئے درخواست دیں۔ علاقے کے کسانوں نے ایسے پروگرام کو علاقے میں منظم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیداروار میں ان کی کوششوں کی بدالت بہتری لائیں گے ۔ 
 
 
آریانز کالج نے کسان دیوس منایا
سرینگر//کسان دیوس کے موقع پر آریانز ڈگری کالج چندی گڑھ نے ’’کووڈ۔19 میں قدرتی کاشتکاری کی اہمیت‘‘ کے عنوان سے ایک ویبنار کا اہتمام کیا۔ اس موقع پرمادو شرما ڈکشت نے فیکلٹی ممبروں اور بی ایس سی کے طلباء سے بات چیت کی جبکہ ڈاکٹر انشو کٹاریہ ، چیئرمین  آریانز گروپ نے ویبنار کی صدارت کی۔ڈکشت نے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تازہ خوراک لوگوں کو بہتر محسوس کرنے میں مدد دیتی ہے اور یہ ماحول کے تحفظ کے لئے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے درمیان تنظیموں اور افراد کو پوری دنیا میں صاف پیداوار میں اضافے کی تکنیک کو اپنانے کیلئے  انتہائی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صحت سے متعلق فوائد کے علاوہ کھیتی باڑی کے ماحولیاتی فوائد بھی ہیں۔ 
 
 
 کوکرناگ مچھلی فارم میں پانی کی سطح کم
سرینگر//کوکرناگ میں واقع فش فارم میں پانی کی سطح کافی حد تک کم ہونے کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کی مچھلیوںکو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ جل شکتی محکمہ اور فشریز کی انجینئرنگ ونگ بھی پانی کی سطح برابر کرنے کیلئے کوئی مؤثر اقدام نہیں کررہی ہے ۔رواںبرس موسم زیادہ خشک رہنے اور بارشیں نہ ہونے کے نتیجے میں فارم میں پانی کی سطح 60فیصدکے قریب کم ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں فارم میںموجود لاکھوںروپے مالیت کی ٹرائوٹ مچھلیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔جل شکتی محکمہ آس پاس کے علاقوں کو اسی فارم سے پانی سپلائی کرتا ہے جبکہ 1986میں اُس وقت کے گورنرنے ایک سرکاری حکمنامے میں یہ بات واضح کی تھی کہ اس فارم کا پانی کسی دوسرے کام کیلئے استعمال نہیں کیا جائے ۔ ماحولیات کے ماہرین کے مطابق اس فارم میں پانی کی سطح مزید کم ہوسکتی ہے کیونکہ جس طرح جنگلات کا کٹائو جاری ہے وادی میں آنے والے وقت میں موسم زیادہ تر خشک ہی رہے گااور پانی کی مزید قلت پیدا ہوگی ۔ڈائریکٹر فشریز بشیر احمد بٹ نے اس ضمن میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسم سرما میں پانی کی سطح قدرتی طور کم ہوتی ہے لیکن محکمہ فارم میں استعمال ہونے والا پانی دوبارہ(Reuse) استعمال میں لایا جاتا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ فارم میں موجود مچھلیوں کو نقصان پہنچنے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ مشمولات سی این آئی
 
منشیات مخالف مہم،اونتی پورہ میں شہری گرفتار
اونتی پورہ//اونتی پورہ پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران لیتہ پورہ کراسنگ کے نزدیک ایک شخص کو30 کلو گرام بھنگ پائوڈرسمیت گرفتار کرلیا۔ذرائع نے بتایاکہ ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے لیتہ پورہ کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص بلال احمد وانی ساکن لیتہ پورہ کو پکڑ کر تلاشی لی ۔ تلاشی کے دوران مذکورہ شہری کے قبضے سے30 کلو گرام بھنگ پائوڈر برآمد کرلی۔ مذکورہ شہری کو گرفتار کرکے اونتی پورہ تھانہ میں حراست میں رکھا گیا۔پولیس نے ایف آئی آر نمبر 194/2020کے تحت ایک کیس درج کرلیا ہے۔