سابق قانون ساز ممبران ایل جی سے ملاقی
جموں//سابق قانون ساز بشیر احمد شاہ ویری نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی ۔بشیر ویری نے لیفٹیننٹ گورنر کو جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں درپیش عوامی مسائل ،جن میں سڑکوں سے برف ہٹانے، بجلی اور پانی کی بلا خلل ترسیل ،راشن رسوئی اور دیگر اجناس کی تقسیم کاری سے متعلق مسائل شامل تھے، ان کی نوٹس میں لائے۔اِسی طرح سابق ایم ایل سی اور سینئر بی جے پی رہنما اشوک کھجوریہ نے بھی منوج سنہا سے ملاقات کر کے اُنہیں عوامی اِفادیت کے حامل مختلف معاملات سے روشناس کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق قانون سازوں کو بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے پیش کئے گئے جائز مسائل اور مطالبات کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر حکومت عوام دوست نظام کی فراہمی کے اصولوں کے تحت کام کر رہی ہے جس کا مقصد یوٹی کی کلہم اور یکسان ترقی ہے ۔
رشید بابا اور روندا کے لواحقین سے نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے عبدالرشید بابا ساکن چندن گاندربل حال حاجی باغ بژھ پورہ اورحاجی بہادر ڈگہ ساکن گوگجی باغ سرینگر کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ ساگر نے دونوں مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کرکے دونوں سوگوار خاندانوں کے ساتھ پارٹی کی طرف سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ساگر کے ہمراہ صوبائی سیکریٹری شوکت احمد میر بھی تھے۔ دریں اثناء علی محمد ساگر، سینئر لیڈران محمد اکبر لون ،مبارک گل ،عرفان شاہ اور میر غلام رسول ناز نے شہر خاص کے تاجر بشیر احمد روندا ساکنہ گگر مسجد زینہ کدل، اہلیہ محترمہ مجاہد محمد سلطان خان ساکن سہہ یار عالی کدل، غلام حسین ڈار ساکن خوشی پورہ بٹہ مالو اور اہلیہ محمد اسمٰعیل کھٹانہ ساکن گھاٹ بنہ کوٹ بانڈی پورہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی کی دعا کی ۔
اڑین بانڈی پورہ سے ڈی ڈی سی ممبر اور سرپنچ اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر//ضلع بانڈی پورہ کے اڑین ٹیریٹوریل حلقہ سے ضلع ترقیاتی کونسل ممبر غلام محی الدین نے جمعہ کو پارٹی دفتر واقع لال چوک سرینگر میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ وانی نے ارین حلقہ سے بطور آزاد اُمیدور ڈی ڈی سی انتخابات جیتے تھے۔ اس موقع پر سرپنچ ارین محمد اقبال وانی نے بھی اپنی پارٹی کا دامن تھام لیا ، دونوں کا پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر سنیئر نائب صدر اور سابقہ وزیر غلام حسن میر، نائب صدر عثمان مجید، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، پارٹی کارڈی نیٹر شمالی کشمیر فضل محمو د ب یگ اور انچارج گاندربل جاوید احمد، محمد یوسف بھی موجود تھے۔ نئے ساتھیوں کا جماعت میں خیر مقدم کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی کے دروازے تمام سیاسی خواہشمندوںکے لئے کھلے ہیں جوکہ جموں وکشمیر میں لوگوں کی فلاح وبہبودی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’ ایسے سیاسی لیڈران جنہوں نے جموں وکشمیر کی بہتر تعمیر کا عزم کیا ہے ، کا شمولیت پر خیر مقدم باعثِ فخر ہے، ہمار ا مقصد جموں وکشمیر کے دونوں خطوں کی یکساں ترقی کرنا ہے اور تقسیم کے کوئی امکانات نہ چھوڑنا ہے، ہمارا اصول امن اور بھائی چارہ ہیں‘‘۔
۔32واں سڑک تحفظ مہینہ | دودرہامہ میں بیداری پروگرام منعقد
گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل میں محکمہ موٹر وہکیلز کی جانب سے جاری 32 ویں سڑک تحفظ ماہ کے سلسلے میں دودرہامہ گاندربل میں نیو ٹائنی ہارٹس سکول میں ٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین کی عمل آوری کے تحت ایک روزہ بیداری پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کے دوران اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر گاندربل عارف احمد شاہ، ڈی ایس پی ٹریفک فہیم علی،محکمہ موٹر وہکیلز کے انسپکٹر سمیت دیگر عملہ اور سکول انتظامیہ، کشمیر عظمی کے نامہ نگار ارشاد احمد موجود تھے۔اس موقعہ پر مقررین نے خطاب کے دوران سکول میں زیر تعلیم طلباء کو سکوٹر، گاڑی چلانے کے دوران ٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تلقین کی۔ مقررین نے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف گاڑی چلانے والے کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے بلکہ سماج کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے تاکہ ٹریفک حادثات میں جانی اور مالی نقصانات سے بچا جاسکے۔
بڈگام اور بمنہ میںہیروئن اور کپسول برآمد | 4گرفتار،ہیروئن اورنشیلی ادویات برآمد
سرینگر//بڈگام اور جے وی سی بمنہ میں پولیس نے 4افراد کو گرفتار کرکے نشیلی ادویاب کے کیپسول برآمد کئے۔ بڈگام میں پولیس نے چند پورہ میں ناکہ بٹھایا تھا اور گاڑی زیر نمبرJK01L-4445 کو روک لیا اور تلاشی کے دوران 5گرام ہیروئن اورSpasmoproxyvon کے 120کیپسول برآمد کئے اور گاڑی ضبط کی۔ پولیس نے محمد اشرف یتو ساکن بڈ گام ، سمیر احمد بٹ اور آصف نذیر ساکنان ماگام کو گرفتار کرکے ان کیخلاف ایف آئی آر زیر نمبر 24/2021کے تحت کیس درج کرلیا۔اس دوران پولیس پوسٹ بمنہ نے جے وی سی کے قریب ایک شہری کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس کا تعاقب کیا اور اس کی تحویل سے Spasmoproxyvon کے1008کیپسول برآمد کئے اور اسے پولیس تھانہ پارمپورہ منتقل کیا۔ اس سلسلہ میںپولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر14/2021درج کرکے تحقیقات شروع کی۔