تلیل کے نازک مریض چاپرکے ذریعے بانڈی پورہ لائے گئے
بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی ہدایت پرسب ضلع گریز کے تلیل سے تعلق رکھنے والے دو نازک مریضوں کو بذریعہ طیارہ بانڈی پورہ علاج کیلئے لایا گیا۔ضلع انتظامیہ کوتلیل کے ایک کنبے سے ہنگامی اطلاع موصول ہوئی کہ دو نازک مریضوں 80برس کے محمدسلطان اورخدیجہ کوطبی امدادکی اشدضرورت ہے ۔ڈپٹی کمشنرڈاکٹر اویس احمد نے فوری طور خصوصی چاپر کومریضوں کو ائرلفٹ کرنے کیلئے روانہ کیااوران کے بانڈی پورہ پہنچانے تک خود آپریشن کی نگرانی کی ۔قابل ذکر ہے کہ سب ضلع گریز اس وقت بھاری برف باری کی وجہ سے باقی وادی سے کٹا ہوا ہے۔
بھارت کے داخلی معاملات میں مداخلت ناقابل قبول:نائب صدر
سرینگر//بھارت کے داخلی معاملات میں کسی بھی ملک کو مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اورجموں کشمیرکے معاملے پر کسی کو بھی کچھ کہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ان باتوں کااظہار نائب صدروینکیانائیڈو نے کیا ہے۔سی این آئی کے مطابق پاکستان کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیرمنائے جانے پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے نائب صدر وینکیانائیڈونے کہا کہ جموں کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ ہے اور اس طرح کے معاملات میں کسی کو مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بھارت کے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے جوبھی داخلی معاملے اور مسائل ہوں گے ان میں مداخلت کرنے کی کوئی کوشش بھارت کیلئے ناقابل قبول ہے اور ہمسایہ ممالک کو حق نہیں بنتا کہ وہ ہمارے کسی معاملے میں ٹانگ اڑائے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ بھارت ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کاخواہشمند ہے لیکن اس کا قطعی مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اپنے داخلی معاملات میں کسی کودخل دینے کی اجازت دیں گے۔
قاضی گنڈ سڑک حادثہ میں4 زخمی
اننت ناگ//عارف بلوچ//قاضی گنڈ میں سڑک کے ایک حادثہ میں 4افراد شدید زخمی ہوگئے۔سرینگر جموں شاہراہ پر لیوڈورہ کے مقام پر I Kon گاڑی زیر نمبرDL3AN 0754 اور Etiosکار زیر نمبرDL7CG 8757کے مابین ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں سوار4افراد شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں میں جیسو سنگھ ساکنہ بھوپال،گنیش سنگھ ساکنہ راجستھان ،مشتاق احمد بیگ ساکنہ سراج پورہ ہندوارہ اور محمد الطاف ساکنہ بڈگام شامل ہیں۔زخمیوں کو نازک حالت میں ایمرجنسی اسپتال قاضی گنڈ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُنہیں مزید علاج کے لئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کی اصل وجہ تیز رفتاری تھی۔
بار ایسوسی ایشن کا مطالبہ
سرینگرمیں مرکزی انتظامی ٹریبونل کی شاخ قائم کی جائے
سرینگر//ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے سرینگر میں’’مرکزی انتظامی ٹریبونل‘‘ کی شاخ اورصارف کمیشن و فورموں کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے نہ ہونے کے نتیجے میں انصاف تک رسائی ممکن نہیں ہو پارہی ہے۔ ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگہ کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ جموں کشمیر کی تنظیم نو کے بعد اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ ملازمتوں سے متعلق درخواستوں حصولیابی کا دائرہ صرف مرکزی انتظامی ٹریبونل کو ہے اور ابھی تک سرینگر میں اس کی کوئی بھی شاخ قائم نہیں کی گئی۔جبکہ بینچ جموں سے کام کر رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سرینگر میں مرکزی انتظامی ٹریبونل کے بینچ کی عدم موجودگی میں درخواست گزاروں اور وکلا کو جموں میں درخواستوں کو دائر کرنے میں زر کثیر خرچ ہوتاہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ کئی بار جموں کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ساتھ بھی اٹھایا گیا،تاہم ابھی تک سرینگر میں مرکزی انتظامی ٹریبونل کو قائم نہیں کیا گیا،جبکہ عدالت نے قریب33ہزار کیسوں کو مرکزی انتظامی ٹریبونل منتقل کیا۔ میٹنگ میں یہ قرار داد منظور کی گئی کہ مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر کی انتظامیہ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو سرینگر میں مرکزی انتظامی ٹریبونل کی شاخ اور معقول صارف فورموں کے قیام عمل میں لانے پر زور دیا جائے گا۔
منشیات مخالف مہم،ڈورو میں ملزم گرفتار
عارف بلوچ
اننت ناگ //پولیس کی منشیات مخالف کارروائی کے دوران ڈورو میں ہیروئن اور چرس سمیت ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ۔پولیس نے ناکہ کے دوران عبدالقیوم شاہ ساکن گوچن شیخ پورہ نامی نوجوان کو روک کر اُس کی تلاشی لی۔ تلاشی کارروائی کے دوران مذکورہ شخص سے 20 گرام ہیروئن اور 20 گرام چرس بر آمد ہوا۔پولیس نے ملزم کے خلاف کیس درج کر کے کارروائی شروع کر دی ۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک مصدقہ اطلاع کی بنا پر عمل میں لائی گئی۔
گاندربل سے کئی پنچایتی ممبران اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر//وحید پورہ لار گاندربل سے کئی پنچایتی ممبران اور دیگر سیاسی کارکنان ہفتہ کو اپنی پارٹی میں شامل ہوگئے۔ شمولیت کرنے والوں میں غلام نبی وانی پنچ لار، منیرہ پنچ لار، وانی عارف علی، عامر مجید، مشتاق احمد وانی، شفاعت احمد ملہ، جاوید احمد وانی اور اویس احمد ملہ قابل ِ ذکر ہیں۔ یہ تقریب پارٹی ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، ضلع صدر سرینگر کپوارہ راجہ منظور اور پارٹی یوتھ لیڈر مظفر ریشی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ نئے ساتھیوں کا اپنی پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے منتظر محی الدین نے کہاکہ اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کی بہتری کا عزم کر رکھا ہے اور ترجیحی بنیادوں پر شکایات حل کرنے کی وعدہ بند ہے۔ منتظر محی الدین نے کہا’’ ہم کھوکھلے نعرؤں پر یقین نہیں رکھتے جیسا ماضی میں دیگر سیاسی جماعتیں کرتی رہی ہیں، ہم صداقت پر مبنی سیاست پر یقین رکھتی ہیں جس کے لئے زمینی سطح پر مخلصانہ کوششیں ضروری ہیں، لوگوں کی فلاح وبہبودی ہمارا اہم مقصد ہے‘‘۔ نئے شامل ہونے والوں نے پارٹی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کو مضبوط کرنے کا اعاد کیا۔
مرکزی معاونت والی اسکیموں کے اہداف صدفیصد حاصل کئے جائیں
ناظم زراعت کابارہ مولہ اور کپوارہ میں زعفران کی کاشت کے امکانات تلاش کرنے پرزور
سرینگر//ناظم زراعت نے مرکزی معاونت والی اسکیموں کے تحت اہداف کوصدفیصد حاصل کرنے پرزوردیاتاکہ مختص رقومات کو موثراندازمیں خرچ کیاجاسکے۔ موصوف نے محکمہ کے حکام کے ساتھ ایک میٹنگ میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا تمام ضابطوں کی پیروی کرتے ہوئے محکمانہ اسکیموں کے فوائد کسان بھائیوں کو فراہم کریں۔ انہوں نے افسروں پرزوردیا کہ وہ کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے جامع منصوبوں کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کریں ۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے مختلف پروگراموں کے تحت اہداف کے حصول کیلئے افسروں اور فیلڈ عملہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ان اسکیموں اور پروگراموں کی عمل آوری کے دوران کاشتکاروں کوفائدہ پہنچانے کی طرف توجہ دی جانی چاہیے۔انہوں نے کسانوں اور محکمہ کے درمیان تعلقات کومضبوط کرنے کی ضرورت کواُجاگر کیااور میٹنگ میں شریک افسروں کو زراعت میں نئی تیکنیکوں کواپنانے کیلئے کسانوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی تلقین کی۔ ناظم زراعت نے کشمیرصوبے کے مختلف اضلاع خصوصاًبارہ مولہ اور کپوارہ میں آزمایشی بنیادوں پرزعفران کی کاشت کرنے کے امکانات تلا ش کرنے پرزوردیااور کہا کہ کسانوں کی مہارت میں اضافہ کرنے کیلئے تربیتی کیمپ منعقد کرنے علاوہ یوٹی اورملک کی دیگرریاستوں کے دوروں کااہتمام کیا جائے۔ ناظم زراعت نے فعال کاشت کاری اور جدید کاشتکاری نظام کی تفہیم کی حوصلہ افزائی کیلئے افسران کو ہدایت دی کہ وادی کے تمام اضلاع میں فارمر فیلڈ اسکولوں کے قیام کیلئے جامع منصوبے بنائے جائیںتاکہ نوجوانوںاور محکمہ کے مابین روابط کو مستحکم بنایا جائے اور بتایا ایس ایم فارم پدگام پورہ اور فلوریکلچر نرسری لال منڈی فارمر فیلڈ اسکول اس مقصد کیلئے ماڈل سینٹرز کے طور پر کام کریںگے۔ڈائریکٹر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشت کار مستفید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کچن گارڈن لال منڈی میں 25 فروری سے پنیری کی فروخت شروع کرنے کا پابند ہے۔اجلاس کے دوران تمام جوائنٹ ڈائریکٹرز ، چیف ایگریکلچر افسران اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
بیروہ میں چھاپہ مارکارروائی کاغذات ضبط
بڈگام/ارشاد احمد/بڈگام کے بیروہ سے ملحقہ علاقہ کلہامہ میںاین آئی اے نے منشیات فروشی کے الزام میں نظربند ایک شہری کے گھر پر چھاپہ ڈال کر تلاشی لی اور کچھ کاغذات ضبط کئے۔پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قومی تفتیشی ایجنسی نے پولیس تھانہ بیروہ کے اہلکاروں کے ہمراہ بیروہ کے علاقے کلہامہ کے مقامی شہری منظور احمد میرکے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران باریک بینی سے تلاشی لی۔ اس موقع پرکچھ دستاویزات بشمول بینک چیک بک اور مذکورہ شخص کا آدھار کارڈ ضبط کرلیا۔
سوپور میں پولیس کا عوامی دربار
سوپور//سوپور پولیس نے لوگوں سے بہتر تعلقات قائم کر نے کی خاطر ڈنگی وچھہ تھانہ میں عوامی دربار کا انعقاد کیا جس میںیاربگ ، رائوچہ ، فیڈار پورہ ،چاٹوسہ، حمام مرکوٹ ، ہنورا ، زیتھن ، بڈن اور چنم سمیت متعدد علاقوں کے ائمہ حضرات، اوقاف ممبران ، سرپنچوںاور پنچوں نے شرکت کی۔عوامی دربار میں شرکاء نے منشیات کے استعمال ، پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور بجلی سمیت مختلف امور سے پولیس حکام کو آگاہ کیا۔اس موقع پر افسران نے شرکا کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی اصل شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کے جلد از جلد ازالے کیلئے سول انتظامیہ سے متعلق امور متعلقہ محکموں کے پاس اٹھائے جائیں گے۔ ایس ڈی پی او رفیع آباد نے شرکا سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں میں اخلاقی تعلیمات کو ذہن میں رکھیں۔انہوں نے کہا کہ سوپور پولیس کے فون نمبر چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں اور وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی معاشرتی جرم کے سلسلے میں کسی بھی وقت پولیس کے ساتھ رابطہ کرسکتے ہیں ۔ شرکا ء نے بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اورایسی میٹنگوں کی سہولت کے لئے پولیس کی کاوشوں کو بھی سراہا جہاں شرکا ء نے آزادانہ طور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور زور دیا کہ آئندہ بھی عوام اور پولیس کے مابین پائے جانے والے فرق کو ختم کرنے کیلئے اس قسم کی میٹنگوںکا انعقاد کیا جائے گا۔ایس ڈی پی او رفیع آباد نے کہا کہ پولیس منشیات فروشوں ، اس کے کاشتکاروں اور منشیات فروشی میں ملوث دیگر افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔جے کے این ایس
عرس حضرت بابا سنگ ریشیؒ پر انتظامات میسر رکھیں:این سی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ضلع انتظامیہ سرینگر سے اپیل کی کہ حضرت بابا سنگ ریشیؒ واقع تکیہ سنگریشی کھمبر (ہارون) کے عرس پر بجلی، پینے کے پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات عقیدت مندوں کیلئے دستیاب رکھیں۔ پارٹی کے ڈی ڈی سی ممبر قیصر گنائی نے بھی انتظامیہ سے عرس پر زائرین کیلئے خاطر خواہ انتظامات رکھنے کی اپیل کی ہے۔